فیصل آباد،کورونا سے خاتون ڈاکٹر سمیت ایف بی آر کے4افسر جاں بحق
فیصل آباد (کرائم رپورٹر،سٹی رپورٹر) فیصل آباد میں سینئر لیڈی ڈاکٹر‘ ایف بی آر کے 2افسروں سمیت 4افراد کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد آر ٹی او آفس میں تعینات ان لینڈ ریو نیو آڈٹ آفیسر نعیم اقبال اور سینئر آڈیٹر خاور منصور گزشتہ روز کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ اس طرح ہلال احمر ہسپتال کی سینئر لیڈی ڈاکٹر تحسین بھی کرونا وائرس کے باعث دم توڑ گئی اور شیخ کالونی کے رہائشی 40سالہ منیب بھی کرونا وائرس کے باعث جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں جان کی بازی ہار گئے جبکہ محکمہ صحت کے ڈپٹی ہیلتھ آفیسر و سابق وائس چیئرمین وائی ڈی اے ڈاکٹر اورنگزیب گجر میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس پر ان کو گھر میں ہی قرنطینہ کردیا گیا ہے اور فیصل آباد میں کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد گیارہ سو سے تجاوز کرگئی ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر سول ڈیفنس آفیسر رانا محمد عباس نے ابوظہبی سے آنے والی فلائٹ پی کے 8218 کے مجموعی طور پر 149 مسافروں کے ایئرپورٹ پر اپنی نگرانی میں کورونا وائرس جانچ کے ٹیسٹ کرانے کے بعد انہیں قرنطینہ سنٹر اور نجی ہوٹلز بھجوادیا۔انہوں نے بتایا کہ128مسافر جی سی نیو کیمپس،16 گرینڈ ہوٹل،3 ہوٹل ون،ایک لاہور ہاؤس کورنٹائن اور ایک میت کے ہمراہ سرگودھا بھجوادیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے قرنطینہ سنٹر پر مسافروں کے قیام کے لئے بہترین انتظامات موجود ہیں جنہیں افسران کی طرف سے مانیٹر بھی کیا جارہا ہے جبکہ نیگیٹو آنے والے مسافروں کو بلاتاخیر ان کے گھروں میں بھجوارہے ہیں۔
فیصل آباد/کورونا