”کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب، قومی ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کر۔۔۔“ جاوید میانداد بھی میدان میں آ گئے

”کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب، قومی ٹیم ...
”کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب، قومی ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کر۔۔۔“ جاوید میانداد بھی میدان میں آ گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کی صورتحال پاکستان سے زیادہ خراب ہے اس لئے قومی کرکٹ ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کر وہاں جانا ہو گا کیونکہ جانوں کا تحفظ سب سے اہم ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی اینڈ ٹی کالونی میں اپنے نام سے منسوب پارک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کو بہت سوچ سمجھ کے دورہ انگلینڈ پر جانا ہوگا کیونکہ جانوں کا تحفظ سب سے زیادہ اہم ہے، انگلینڈ کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور یہ دیکھا جائے کہ انگلینڈ کا دورہ پاکستان کیلئے موزوں بھی ہے یا نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے حوالے سے پابندیوں پر پی سی بی سوچ سمجھ کر فیصلے کرے، سوشل میڈیا آزادی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے، شعیب اختر تنازعہ ایف آئی اے میں نہیں جانا چاہیے، پی سی بی کے بڑوں کو یہ معاملہ آپس میں سلجھا لینا چاہیے۔پی سی بی سے چھوٹے درجہ کے ملازمین کو برخواست کرنے کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ بورڈ اس حوالے سے بہت دیکھ بھال کر اقدامات کرے، پی سی بی کو ہر ایک کے ساتھ درست اورشفاف طریقہ سے برتاو اپنانے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو چاہئے کہ وہ قبضہ کئے جانے والے میدانوں کو واگزار کرائے کیونکہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ہم سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے پارک کو اپنے نام سے منسوب کرنے پر کنٹونمنٹ بورڈ کا بھی شکریہ ادا کیا، افتتاحی تقریب کے موقعہ پرکلفٹں کنٹونمنٹ بورڈ کے صدر بریگیڈیئر عابد علی عسکری اورسی ای او رانا کاشف شہزاد نے بھی اظہار خیال کیا۔

مزید :

کھیل -