برطانیہ میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا مستقبل روشن ہے: پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان

برطانیہ میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا مستقبل روشن ہے: پاکستان ہائی کمشنر معظم ...
برطانیہ میں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کا مستقبل روشن ہے: پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (چوہدری تبریز عورہ )برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا ہے کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت میں اضافہ میری ترجیحات میں شامل ہے، برطانیہ پاکستان کی معیشت کے لیے انتہائی اہم ملک ہے ،لاکھوں پاکستانی یہاں مقیم ہیں اور سالانہ زرمبادلہ کا بہترین ذریعہ بن رہے ہیں۔برطانیہ میں لاک ڈاون نرم ہونے کے بعد رونقیں بحال اور زندگی معمول پر آنے لگی ہے ،پاکستان ہائی کمشنر معظم احمد خان نے بھی لاک ڈاون نرم ہوتے ہی ایک لمبے عرصہ کے بعد لندن میں موجود پاکستانی میڈیا کے اعزاز میں پاکستان ہائی کمیشن لندن میں ظہرانہ کا اہتمام کیا۔ہائی کمشنر نے ظہرانے میں موجود صحافیوں کو مختلف امور پر بریفنگ،ظہرانے میں صحافیوں سے باقاعدہ تعارفی ملاقات اور تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔
پاکستان کے لندن میں ہائی کمشنر معظم احمد خان نے اس موقع پر لندن میں صحافت سے وابستہ مختلف میڈیا ہاوسز کے نمائندوں سے باقاعدہ تعارفی ملاقات کی اور پاکستان کے لیے صحافتی خدمات کو سراہا۔ہائی کمشنر معظم احمد خان نے صحافیوں کو دی گئی بریفنگ میں کہا کہ معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کے لیے موجودہ حکومت اس کوشش میں ہے کہ عام آدمی تک ترقی کے ثمرات پہنچائیں جائیں جس کے لیے مختلف شعبوں میں کام جاری ہیں اور مزید ٹھوس اقدامات اٹھانے کی پالیسی ترتیب دی جا رہی ہے۔ مقبوضہ جموں کشمیر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماراموقف جموں و کشمیر پر با لکل واضح ہے کہ ہماری سیاسی اور اخلاقی مدد کشمیری بھائیوں کے لیے جاری رہے گی اور بھارتی جارحیت کی مذمت کا سلسلہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہے۔
کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ سفری حالات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ برطانوی حکومت کو ریڈ لسٹ سے متعلقہ پاکستانیوں کے خدشات ہائی کمیشن کی جانب سے بتائے جا چکے ہیں مگر برطانوی پالیسی کا احترام کرنا بھی ہمارا فرض ہے۔ظہرانے میں دیگر ملکی امورپر بھی بات کی گئی اور صحافیوں کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی روز مرہ مشکلات سے بھی ہائی کمشنر معظم احمد خان کو آگاہ کیا گیا جن کے تدارک کے لیے ہائی کمشنر نے یقین دہانی کرواتے ہوئے مکمل تعاون کا اظہار کیا۔