لیسکو سیکنڈل سرکل، بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،185 پکڑے گئے

لیسکو سیکنڈل سرکل، بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،185 پکڑے گئے

  

لاہور(خبرنگار) لیسکو سیکنڈ سرکل میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن،12 روز میں 1235 میٹروں کی چیکنگ، 185 میں بے ضابطگیاں،50 سے مقدمات درج، بجلی چوری میں ملوث صارفین کے میٹرز ضبط کر کے لاکھوں روپے کے جرمانے وصول۔ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو چودھری محمد امین کی ہدایت پر ریجن بھر میں بجلی چوری کے خلاف مہم تیزی سے جاری ہے جس میں لیسکو کے سیکنڈ سرکل کی تمام ڈویژنز اور سب ڈویژنز میں بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ایس ای سیکنڈل سرکل چودھری رشید احمد کے مطابق سیکنڈ سرکل میں لیسکو کی ٹاسک فورس ٹیموں نے 12روز میں 1235 سے زائد صارفین کے میٹرز چیک کئے جس میں 185 میٹروں میں بے ضابطگیاں پائی گئیں جن سے مختلف طریقوں سے بجلی چوری کی جا رہی تھی۔ ٹاسک فورس ٹیموں نے جن علاقوں میں کارروائیاں ان میں ٹاؤن شپ، جیا بگا، ملتان روڈ، پریم نگر، جی او آر، نیاز بیگ، واپڈا ٹاؤن، گرین ٹاؤن، ایم عالم روڈ، چھرہ، مصطفےٰ ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، انجینئرنگ ٹاؤن، لاہور پارک، اعوان ٹاؤن، اتحاد کالونی، اسلامیہ پارک، چوہنگ، کالج روڈ، لیاقت آباد، کینال روڈ، مزنگ، شاہ پور اور ایئر لائن ٹاؤن کے علاقے شامل ہیں۔ ایس ای چودھری رشید احمد کے مطابق بجلی چوری میں ملوث صارفین کے میٹرز قبضہ میں لے کر مقدمات کے اندراج کے لئے متعلقہ تھانوں میں درخواستیں جمع کروائی گئیں ہیں اور جرمانوں کی مد میں مجموعی طور پر 3لاکھ46 ہزار794 یونٹ چارج کئے گئے ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -