نوجوان نسل ملک کی بقاء کیلئے کردار ادا کرے،پروفیسرعبدالمنان خرم
لاہور (پ ر) چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا ہے کہ ہمارے قائدین اور آباؤ اجداد نے پاکستان کا حصول نظریاتی بنیادوں پر ممکن بنایا اور اب یہ ہماری نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کی بقا اور سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنزکے ڈاکٹر نثار احمد رانا آڈیٹوریم میں یونیک ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیر اہتمام 3جون 1947 منصوبہ اور اس کے اثرات کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے لیے جدوجہد کا آغاز بیسویں صدی کے اوائل سے ہی ہو چکا تھا تاہم خطبہ الہ آباد اور قرارداد پاکستان کے بعد یہ جدوجہد حتمی مراحل میں داخل ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ 3جون 1947 پلان کے مطابق پاکستان میں بھارتی پنجاب کا تمام حصہ شامل تھا لیکن ہندو قیادت اور انگریز حکومت گٹھ جوڑ کے بعد دونوں ممالک کی سرحدوں میں کی جانے والی دھاندلی سے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔ چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو تاریخ کے تمام پہلوؤں اور حقائق سے باخبر رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کا راز نوجوان نسل کی مثبت تربیت سے ہی ہوسکتا ہے اور کامیاب قومیں اپنی نوجوان نسل پر خصوصی توجہ دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز اپنے طلبا کی رہنمائی کے لیے ہمیشہ ایسی تقریبات کا انعقاد کرتا رہتا ہے اور اس سے طلبا کو تاریخ سے روشناس کروانے میں مدد ملتی ہے۔ سیمینار سے ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان اور ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر مینیجر میڈیا اینڈ کمیونیکیشنز زنیر چوہدری، ریاض الحق کے علاوہ اساتذہ اور طلبا بھی موجود تھے۔