وزیرعلیٰ پنجاب کا ”خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام کے باوجود صفائی نظام بہتر نہ ہوسکا 

وزیرعلیٰ پنجاب کا ”خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام کے باوجود صفائی نظام بہتر ...

  

لاہور(انور کھرل) صوبائی دارالحکومت میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ”خدمت آپ کی دہلیز پر“ پروگرام پر مکمل طور پر عملدرآمد شروع نہ ہو سکا۔ انتظامیہ دوروں اور فوٹو سیشن تک محدود،شہر کی سڑکیں،گلیاں،علاقے،یونین کونسلز،ٹاؤنز میں ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ بروقت اقدامات کرنے میں ناکام، کوڑے کے ڈھیر برقرار اور ا ہم چوکوں چوراہوں پر رکھے گئے کنٹینرز بھی جوں کے توں بھرے پڑے ہیں۔ایل ڈبلیو ایم سی نے مشینری کی کمی اور خرابی کا بہانہ بنا لیا۔جگہ جگہ پڑے کوڑے کے ڈھیرپنجاب حکومت اور انتظامیہ کی کارکردگی کا منہ چڑانے لگے۔شہری ایل ڈبلیو ایم سی افسران اور  ہیلپ لائن نمبر پر رابطہ کرنے کے باوجود گھنٹوں بعد بھی داد رسی نہ ہونے پرمایوسی کا شکار ہو کررہ گئے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں تمام تر حکومتی اقدامات کے باوجود صفائی نظام درست نہیں ہو سکا ہے جا بجا گندگی کے ڈھیر شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے اور انتظامی کمزوریوں کے باعث علاقے فلتھ ڈپو میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔ گاڑیوں سمیت ناکارہ مشینری ویئر ہاؤسز کی زینت بن چکی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ”خدمت آپکی دہلیز پر“ پروگرام شروع ہونے کے باوجود صفائی نظام بہتر نہ ہو سکا۔ ہر طرف گندگی کے ڈھیر بیماریاں پھیلانے کا سبب بننے سمیت شہریوں کیلئے اذیت ناک بن چکے ہیں۔شہر کے تمام ٹاؤنز کے علاقوں شاہدرہ،راوی روڈ،کریم پارک،سمادھی گنگا رام،موہنی روڈ،بڈھا دریا،سٹیشن،میکلوڈ روڈ،نہر کے دونوں اطراف،علامہ اقبال روڈ، کوٹ لکھپت، کاہنہ سمیت باٹا پور،غازی آبا د،میاں میر، گڑھی شاہو،مصطفٰی آباد،جوڑے پل،مغلپورہ،کاہنہ،ٹاؤن شپ،ہربنس پورہ،تاج پورہ،شالیمار باغ،باغبانپورہ،کوٹ خواجہ سعید،شاد باغ،سبزی منڈی، مصری شاہ،بادامی باغ  اور رنگ روڈ کے گردونواح سمیت دیگر علاقوں سے کوڑے کرکٹ کے ڈھیر تا حال نہیں اٹھائے گئے۔اس حوالے سے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے شہریوں ثناء اللہ، حافظ محمد رضا، محمد صدیق، زاہد شہزادہ، شاہ زیب،محمد سلیم، افضل اپھا، فوجی نذیر، خالد جٹ، فاروق و دیگر کا کہنا ہے کہ حکومت صحت و صفائی کے دعوے تو کرتی ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔ مہنگائی سمیت شہر سے کوڑا کرکٹ کا خاتمہ کر کے عوام کو ریلیف دینے کے تمام وعدے تاحال وفا نہیں ہو سکے۔ لوگ کورونا سے کم بلکہ گندگی اور فضائی آلودگی سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔اس حوالے سے ایل ڈبلیو ایم سی کے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر شہر کے ضلعی انتظامی افسران سمیت سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان شہر کے مختلف علاقوں کے روزانہ کی بنیاد پر دورے کر رہے ہیں جس میں صفائی ستھرائی کے کام کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی ناقص صورتحال پر متعلقہ ذمہ داروں کیخلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے جبکہ ”خدمت آپکی دہلیز پر“کے ویژن کے تحت سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کی ہدایت پرشہر روزانہ کی بنیاد پر 6 ہزار ٹن کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ ہمہ تن کوشاں ہے۔

صفائی نظام 

مزید :

صفحہ آخر -