عوامی جگہوں پر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر امجد علی 

عوامی جگہوں پر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر امجد علی 

  

 پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے 6 سوات کے تمام مساجد، سکولز، ہسپتالوں, پارکس, ٹی ایم اے دفتر, پولیس سٹیشنز, تحصیل اور دیگر عوامی جگہوں میں حسب ضرورت شمسی توانائی اور صاف پانی کے پلانٹس کی تنصیب کے کام کا اغاز کردیا گیا ہے۔ مذکورہ منصوبوں کا مقصد حسب وعدہ مقامی لوگوں کیلئے سہولیات کیساتھ ساتھ باہر سے آئے ہوئے سیاحوں کو بھی عوامی جگہوں پر آسانیاں فراہم کرنا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کیا ہے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ویلج کونسل مانیار محلہ کشالہ کے باسیوں کے پانی کا مسئلہ حل کرنے سمیت گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گاؤں کوٹہ, بوائز پرائمری اسکول گاؤں رانگیلہ اور گرلز پرائمری سکول ابوہا میں سولر انرجی سسٹم جبکہ تحصیل, ہسپتال و پولیس سٹیشنز میں بھی صاف پانی کے پلانٹس کی تنصیبب کا مرحلہ مکمل ہوا ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تحت حلقہ کے دیگر تمام عوامی مقامات و سرکاری دفاتر میں بھی مذکورہ سہولیات کی فراہمی پر کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبوں کی مدد سے سکول کے بچوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی سمیت ان کو صاف و ٹھنڈا پانی بھی میسر ہوگا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ کا مزید کہنا تھا کہ عوامی جگہوں پر ان سہولیات کی فراہمی سے علاقہ باشندگان و سیاح دونوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوجائیں گی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -