ہائبرڈ گندم،114من فی ایکڑ پیداوار حاصل کی،ڈاکٹر آصف علی

ہائبرڈ گندم،114من فی ایکڑ پیداوار حاصل کی،ڈاکٹر آصف علی

  

 ملتان ( سپیشل رپورٹر  ) زرعی یونیورسٹی ملتان میں "نان ٹریڈیشنل سکیورٹی تھریٹ اور ہمارا کردار "کے عنوان سے میٹنگ کا انعقاد ہوا جس پر وائس چانسلر زرعی جامعہ (بقیہ نمبر26صفحہ6پر)

پروفیسر ڈاکٹر آصف علی تمغہ امتیاز نے میڈیا سے منسلک حضرات کو اس حوالے سے بریفینگ دی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے آنے والے دور میں "نان ٹریڈیشنل سکیورٹی تھریٹ  " میں پانی اور غذا  کی کمی ایک بہت بڑا خطرہ ہے ان سے نمٹنا بحیثیت قوم ہمارے لیے ناگزیر ہے اور جامعہ ہذا نے اپنے ویثرن 2030میں اس کو جزو لا ینفک کی حیثیت دی ہے۔ ہمیں ان مسائل سے نمٹنے کی اشد ضرورت ہے۔ اس امر میں انہوں نے جامعہ ہذا کی کاردگری پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے ہایبرڈ گندم کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ جامعہ ہذا کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ پاکستان بھر میں زرعی یونیورسٹی ملتان کے سائنسدانوں نے ہائیبرڈ گندم پراجیکٹ آسٹریلیا سے حاصل کیا اور اب جامعہ ہذا کے سائنسدان اس ٹیکنالوجی کو ایتھوپیا اور بنگلا دیش کے سائنسدانوں کو ٹریننگ دینگے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائبرڈ گندم ٹیکنالوجی سے پاکستان میں فی ایکٹر تقریبا 114من پیداوار حاصل کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ ہذا کی خوبصورتی یہ ہے کہ یہاں پر پاکستان بھر سے ٹیلنٹ تلاش کر کے فیکلٹی کو بنایاگیا ہے جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی واضح نظر آتی ہے جو کہ میرٹو کریسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ ہذا نے اپنے قیام کے بعد مختصر دورانیہ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں جس میں UI Green Matricکے شماریات کے مطابق جامعہ کو پاکستان کی تیسری ماحول دوست جامعہ کا درجہ ملا جو کہ وزیر اعظم کے منشور کلین اینڈ گرین پاکستان کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی جامعہ کی اولین ترجیح کسانوں و کاشتکاروں کے مسائل کا حل اور جدید ٹیکنالوجی کو مارکیٹ میں متعارف کروانا ہے جس سے کسان و کاشتکار کو فائدہ حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی جامعہ کسانوں و کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ہر سال بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کرواتی رہتی ہے جس سے کسانوں و کاشتکاروں میں جدت پیدا ہوئی ہے۔ وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ زرعی جامعہ سے 86فیصد فارغ التحصیل طلبا و طالبات مختلف پرائیویٹ سیکٹرز میں احسن طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ادارہ ہذا تمام طلبا و طالبات کو ترقی کی راہ کیلئے ایک پلٹ فارم فراہم کرتا ہے اسی لیے جامعہ ہذا کو نہ صرف جنوبی پنجاب بلکہ بین الاقوامی سطح پر مقام حاصل ہے۔میٹنگ کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے تمام پریس اور الیکٹرانک میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر آصف علی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -