حکومت کا نجکاری عمل کی کامیاب تکمیل کیلئے کمیشن کی بھرپور حمایت کا اعادہ

 حکومت کا نجکاری عمل کی کامیاب تکمیل کیلئے کمیشن کی بھرپور حمایت کا اعادہ

  

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو بتایا گیا ہے کہ ایس ایم ای بنک کی نجکاری کا عمل مکمل ہے اور دلچسپی لینے والے بولی دہندگان کو شارٹ لسٹ کیا جا چکا ہے، جس پر وزیر خزانہ نے نجکاری کی کامیابی کیلئے نجکاری کمیشن کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، تفصیلا ت کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے  ایس ایم ای بنک کی نجکاری سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو یہاں فنانس ڈویژ ن میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ کو بتایا گیا بولی سے پہلے کا عمل مکمل ہے اور دلچسپی لینے والی فریقین کو شارٹ لسٹ کر دیا گیا ہے۔ پی سی بورڈ نے شارٹ لسٹ کئے گئے بولی دہندگان کیساتھ ابتدائی بات چیت اور مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے تاکہ ان کے ضروری عمل کی تکمیل میں سہولت فراہم کی جا سکے۔نجکاری کمیشن نے بھی وزیر خزانہ کو ایس ایم ای بنک کو ایکویٹی ضروریات سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ درپیش ضروریات کا جائزہ لیں اور ایس ایم ای بنک کی بیلنس شیٹ کو متوازن بنانے کیلئے تجویز تیار کریں۔ وفاقی وزیر برائے نجکاری نے بھی بتایا وہ سرمایہ کاروں کیساتھ مشاورت کر رہے ہیں اور وزیر خزانہ، سٹیٹ بنک اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو نئی پیشرفتوں سے متعلق اپ ڈیٹ کرتے رہیں گے۔ وزیر خزانہ نے نجکاری کے عمل کی کامیاب تکمیل کیلئے نجکاری کمیشن کو بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ اجلاس میں وزیر نجکاری میاں محمد سومرو کے علاوہ معاون خصوصی برائے خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، گورنر سٹیٹ بنک ڈاکٹر رضا باقر اور وزارت خزانہ، نجکاری کمیشن اور سٹیٹ بنک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

نجکاری عمل 

مزید :

صفحہ اول -