کینسر میں مبتلا بچے کی پی آئی اے پائلٹ بننے کی خواہش کی تکمیل

کینسر میں مبتلا بچے کی پی آئی اے پائلٹ بننے کی خواہش کی تکمیل

  

کراچی(پ ر)قومی ایئر لائن پی آئی اے نے میک اے وش فاؤنڈیشن پاکستان کے کینسر کے مرض میں مبتلا 14 سالہ حذیفہ سکندر کی پائلٹ بننے کی خواہش پوری کی۔ پی آئی اے ہیڈ آفس میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو ایئر مارشل ارشد ملک نے پائلٹ یونیفارم میں ملبوس حذیفہ علوی کو پائلٹ ونگز لگائے۔ بعد ازاں ننھے پائلٹ کو پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں فلائٹ سیمولیٹر پر پائلٹ کی عملی ٹریننگ دی گئی۔ اس موقع پر ایئر مارشل ارشد ملک نے میک اے وش پاکستان کی منفرد سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے اور پی آئی اے کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ میک اے وش کے بانی صدر اشتیاق بیگ نے پی آئی اے کو میک اے وش کا پارٹنر ہونے پر شکریہ ادا کیا۔تقریب میں پی آئی اے کے جنرل منیجر عامر میمن، چیف پائلٹ کلیم چغتائی، چیف آف سیفٹی کیپٹن محسن اوصاف اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔  واضح رہے کہ میک اے وش پاکستان لاعلاج مرض میں مبتلا بچوں کی آخری خواہشات کی تکمیل کا ادارہ ہے اور پی آئی اے ادارے کا کارپوریٹ پارٹنر ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -