بھارت نے غیر ذمہ دار ریاست ہونے کی نئی مثال قائم کردی ، سات بھارتی افراد سے یورینیم پکڑی گئی
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن )بھارتی پولیس نے سات افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 6.4 کلوگرام یورینیم برآمد کرلی ہے۔بھارتی میڈیا ویب سائٹ انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ ضلع بوکارو کی مشرقی ریاست جھارکھنڈ میں پیش آیا۔بھارتی پولیس افسر چندن جھا نے بتا یا کہ معدنیات رکھنے اور فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کرنے پرسات افراد کو گرفتار کیا گیا، جس کا شبہ ہے کہ یہ یورینیم ہے،ہم اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہے ہیں اور معدنیات کو جانچ کے لیے لیب بھیج دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بوکارو پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز اور ایف آئی آر میں معدنیات کو یورینیم بتایا گیا ہے اورعہدیدار اب تک اصل مشتبہ شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے جس سے یہ حساس مادہ خریدا گیا تھا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق مشتبہ افرادجن پر غیر قانونی یورینیم کی تجارت میں ملوث گروہ کا حصہ ہونے کا شبہ ہے، اس کے خریدار کی تلاش کر رہے تھے اور اس کی قیمتیں 50 لاکھ بھارتی روپے مقرر کی تھیں۔ملزمان نے تابکار مادہ کس طرح حاصل کیا، تفتیش کے دوران انہوں نے مغربی بنگال، گریدی اور چند دیگر علاقوں کا ذکر کیا، ان کے پاس سے سات موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔اس سے قبل بھی بھارت میں ایسے واقعات پیش آچکے ہیں ۔