افغانستان میں امریکی افواج کا قیام ، شاہ محمود قریشی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے افغانی ہم منصب کو پیغام دے دیا 

افغانستان میں امریکی افواج کا قیام ، شاہ محمود قریشی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے ...
افغانستان میں امریکی افواج کا قیام ، شاہ محمود قریشی نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے افغانی ہم منصب کو پیغام دے دیا 

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان اس وقت بہت نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ،44 فیصدامریکی اور اتحادی افواج افغانستان سے نکل چکی ہیں،مکمل انخلا کیلئے 11 ستمبر کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے تناظر میں منعقدہ سہ ملکی اجلاس اور خطے کی صورتحال پر بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ملک اس وقت بہت نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، کل سہ فریقی اجلاس میں، میری افغانستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اس حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی ، میں نے افغان وزیر خارجہ کو دعوت دی ہے کہ وہ پاکستان تشریف لائیں تاکہ ہم افغان امن عمل، دوحہ میں جاری مذاکرات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے مزید تبادلہ خیال کر سکیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کا کردار انتہائی مثبت اور تعمیری ہے،دوسری طرف ان کے قومی سلامتی کے مشیر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات تکلیف دہ ہیں،انہیں علم ہونا چاہیے کہ یہ منفی بیانات، بگاڑ پیدا کرنے والوں کےحق  میں چلے جاتے ہیں،ہمارے مقاصد بہت واضح ہیں ہم خطے میں امن و استحکام کا قیام چاہتے ہیں،ہمارا مقصد اس خطے کا معاشی استحکام اور روزگار کے مواقع کی فراہمی ہے ، یہ بیانیہ ہمارے جغرافیائی اقتصادی ایجنڈے کے عین مطابق ہے،ہم "اقتصادی سفارت کاری" پر اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت ہمیں غربت، مہنگائی اور بیروزگاری جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں معاشی انضمام، سرمایہ کاری اور تجارت کے حجم میں اضافے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کی روشنی میں " جیو اکنامکس" ہماری خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،ہم عارضی نہیں طویل مدتی اقتصادی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -