25 لاکھ روپے کی ڈکیتی کرنے والے ملزمان 8 گھنٹوں بعد گرفتار کرلیے گئے، ملزمان اس رقم سے کیا کرنا چاہتے تھے؟ آپ بھی جانیں
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )رنگ محل پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی مقدمے کے ملزمان آٹھ گھنٹوں میں گرفتار کرلیے۔
ڈی ایس پی اشتیاق خان کے مطابق ملزمان نے سونے کی دکان پر اسلحہ کے زور پر واردات کی تھی اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ مرکزی ملزم گولڈ لیب میں ملازم تھا اور مالک کا بھروسے مند منشی تھا۔ملزم نے مالک کی نجی مصروفیت پر واردات کا پلان بنا یا۔ملزمان دوکان سے نقد رقم آٹھ لاکھ اور 17 لاکھ لالیت کا سونا لیکر فرار ہو گئے تھے۔رنگ محل پولیس نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان میں سرغنہ صداقت سمیت دانش اور آفتاب شامل ہیں۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی حسن جہانگیر کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کسی رعائیت کے مستحق نہیں،کاروباری حضرات اپنے ملازمین کا تھانہ میں اندراج کو یقینی بنائیں۔ملزمان ڈکیتی کی رقم سے بیرون ملک فرار ہونا چاہتے تھے۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ڈکیتی جیسی سنگین واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے پر ایس ایچ او رنگ محل اور انکی ٹیم کو شاباش دی ہے۔