3 نو عمر لڑکے مادہ ہنس کو پکا کر کھا گئے، گرفتار کرلیا گیا

نیو یارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی شہر نیویارک میں3 نوعمروں کو مقامی کمیونٹی کی طرف سے پالے ہوئے ایک ہنس کو مارنے اور اسے کھانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے تالاب میں رہنے والی فائی نامی مادہ ہنس سائراکیز کے مضافاتی علاقے مینلیئس میں مری۔ میموریل ڈے پریڈ کے بعد اس کے چار بچے جنہیں سائگنیٹ کہا جاتا ہے، کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ملی تھی۔
گارڈین کے مطابق جب ان کے لاپتہ ہونے سے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہوئی تو پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کیں جس کی وجہ سے سلینا میں ایک قریبی سٹور سے 2سائگنیٹ دریافت ہوئے۔ نوعمروں میں سے ایک سٹور پر ملازم تھا اور اس نے 2 دیگر لوگوں کے ساتھ ہنس اور سائگنیٹ کو اغوا ءکرنے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے بتایا کہ 2دیگر سائگنیٹ سائراکیز میں ایک نجی رہائش گاہ سے ملے تھے۔
سارجنٹ کین ہیٹر نے کہا کہ نوعمر لڑکے آدھی رات کو تالاب کے علاقے میں گھس آئے اور پرندے پر اس وقت جھپٹ پڑے جب وہ گھونسلہ بنا رہی تھی۔ تالاب میں اسے مارنے کے بعد یہ اسے ایک لڑکے کی خالہ کے گھر لے گئے اور وہاں جا کراسے پکا کر کھالیا۔