بھارت نے روس سے سستے تیل کی درآمد کا ریکارڈ بنادیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی سستے روسی تیل کی درآمد نے مئی میں ایک اور ریکارڈ بنادیا۔ اب یہ سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات اور امریکہ سے خریدے گئے مشترکہ تیل سے بھی زیادہ ہوگیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق انرجی کارگو ٹریکر ورٹیکسا کے اعداد و شمار کے مطابق بھارت نے مئی میں روس سے یومیہ 1.96 ملین بیرل تیل درآمد کیا جو اپریل سے 15 فیصد زیادہ ہے۔مئی میں بھارت کے درآمد کردہ تمام خام تیل کا تقریباً 42 فیصد روس سے آیا ۔یہ حالیہ برسوں میں کسی ایک ملک کے لیے سب سے زیادہ حصہ ہے۔ روسی حصہ بڑھنے سے مشرقِ وسطیٰ کے سپلائرز کی سپلائی میں کمی آئی ہے۔ مئی کے مہینے میں سعودی عرب سے تیل کی درآمد فروری 2021 کے بعد سے کم ترین سطح پانچ لاکھ 60 ہزار ٹن تک گر گئی۔ اوپیک کا بھارت کی تیل کی درآمدات میں حصہ مئی میں 39 فیصد کی کم ترین سطح پر آ گیا۔
پیٹرول برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) خاص طور پر مشرق وسطیٰ اور افریقہ کے ممالک ہندوستان میں ایک وقت میں درآمد کیے جانے والے تمام خام تیل کا 90 فیصد فراہم کرتے تھے لیکن روسی تیل کے سستے داموں دستیاب ہونے کے بعد سے یہ کم ہوتا جا رہا ہے۔