پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا میچ آج متحدہ عرب امارات کیخلاف کھیلے گی
نیپئر (این این آئی)پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا چوتھا میچ (آج) بدھ کو متحدہ عرب امارات کیخلاف نیوزی لینڈ کے شہر نیپئر میں کھیلے گی شیڈول کے مطابق میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح چھ بجے شروع ہوگا پاکستانی ٹیم نے بھارت اور ویسٹ انڈیز کیخلاف شکست کے بعد زمبابوے کے خلاف اپنا تیسرا میچ جیت کر دو پوائنٹ حاصل کرلئے ہیں اور پول بی میں چھ ٹیموں میں دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ٹورنا منٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی رسائی یقینی بنانے کیلئے پاکستان کو (آج )یو اے ای کے خلاف میچ سمیت اگلے دو میچز جیتنا ہونگے تاہم کسی ایک میچ میں شکست کی صورت میں قومی ٹیم کو دوسری ٹیموں کے ساتھ رن ریٹ کے حساب کتاب میں الجھنا پڑیگا متحدہ عرب امارات کا 1996 کے بعد یہ دوسرا ورلڈ کپ ہے وہ ان چار ٹیموں میں سے ایک ہے جنہوں نے اس عالمی کپ کیلئے کوالیفائی کیا ۔پاکستان کیخلاف میچ سے قبل متحدہ عرب امارات نے تین میچز کھیلے ہیں۔ اور اسے تینوں میں شکست ہوئی ہے۔زمبابوے نے چار وکٹوں ٗ آئرلینڈ نے دو وکٹوں سے اور بھارت نے نو وکٹوں سے شکست دی ۔پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اب تک دو ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ۔1994 کے آسٹریلیا کپ میں پاکستان نے عامر سہیل اور انضمام الحق کی نصف سنچریوں کی بدولت نو وکٹوں سے میچ جیتا تھا ٗ 1996 کے عالمی کپ میں بھی پاکستان نو وکٹوں سے فاتح رہا تھا ۔ میچ میں مشتاق احمد نے تین وکٹیں حاصل کی تھیں اور اعجاز احمد نے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی تھی۔متحدہ عرب امارات کی ٹیم میں اکثریت ان ایشیائی کرکٹرز کی ہے جو ذریعہ معاش کیلئے امارات میں مقیم ہیں۔متحدہ عرب امارات نے اکیس ون ڈے انٹرنیشنل کھیل رکھے ہیں جن میں سے اس نے صرف پانچ جیتے ہیں ان پانچ میں تین کامیابیاں افغانستان کے خلاف رہی ہیں۔
ایک ایک میچ اس نے ہالینڈ اور ہانگ کانگ کے خلاف جیتا ہے۔