3 ماہ کے شیر خوار بچے بازیاب کروا کر ماں کے حوالے کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج محمد نوید اقبال نے حبس بے جا کی دائردرخواست پر 3 ماہ کے شیر خوار بچے کو باپ کی تحویل سے بازیاب کروا کر درخواست گزارماں کے حوالے کردیا ۔عدالت میں شمیم بی بی نے دائردرخواست میں موقف اختیار کررکھا تھا کہ سائلہ کے شوہر محمد شفیق نے معمولی جھگڑے پر مار پیٹ کرکے اسے گھر سے نکال دیا اور اس کے تین ماہ کے شیر خوار بیٹے علی شیر کو زبردستی چھین کراپنے پاس محبوس کر رکھا ہے ،عدالت نے ایس ایچ او تھانہ راوی روڈ کو نوٹس جاری کرکے اسے حکم دیا کہ وہ بچے کو بازیاب کر کے عدالت میں پیش کرے جس پر عدالت نے گزشتہ روز بچے اور اس کے والد کو عدالت کے روبرو پیش کردیا جہاں عدالت نے بچے کو ماں کے ساتھ بھجواتے ہوئے دائر درخواست نمٹا دی ہے۔