ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے قانون سازی محض ڈرامہ ہے، الیاس گجر
لاہور( خبرنگار) آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری محمد الیاس گجر نے اپنی رہائشگاہ پر پارٹی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کیلئے قانون سازی محض ڈرامہ ہے۔ آصف ذرداری، مولانا فضل الرحمان سے ملی بھگت کرکے ضمیر فروشی کا بازار گرم کرکے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ووٹوں کی خریدوفروخت کرتے ہوئے سینٹ کے الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی بدترین مثال قائم کی ہے سینٹ جیسے اداروں کو پوری دنیا میں بدنام کرکے اٹھارہ کروڑ عوام کے ووٹوں کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کو اس واقع پر سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے اٹھارویں ترمیم پر عمل کرواتے ہوئے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے ممبران کو فوری نا اہل قرار دینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا موجودہ حالات کے پیشے نظر اٹھارہ کروڑ عوام کو اپنی آنے والے نسلوں کے مستقبل کے لئے آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر پاکستان جنرل ریٹائرڈ سید پرویز مشرف کی قیادت میں سڑکوں پر نکلنا ہوگا کیونکہ سید پرویز مشرف ہی اٹھارہ کروڑ عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتے ہیں۔ عنقریب نام نہاد جمہوری حکومت اور فرینڈلی آپوزیشن کیخلاف آل پاکستان مسلم لیگ کی سربراہی میں سید پرویز مشرف کی قیادت میں تمام سیاسی پارٹیاں مل کر پاکستان کی سلامتی اور ملکی بقا کے لئے ظالم حکمرانوں اور ان کے حمائتیوں کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی یہ تحریک حکومت کے خاتمے تک جاری رہے گی جب تک عوام کا پیسہ لوٹنے اور ظلم کرنے والے حکمرانوں کو قانون اور عدالتوں کے کٹہرے میں نہیں لایا جائے گا اس وقت تک جلسے جلوس اور ریلیاں جاری رہیں گی اس تحریک میں قتح عوام کی ہی ہوگی