سپریم کورٹ کا کنٹونمنٹ بورڈ ز میں انتخابات کیلئے مزید مہلت دینے سے انکار

سپریم کورٹ کا کنٹونمنٹ بورڈ ز میں انتخابات کیلئے مزید مہلت دینے سے انکار

  

 اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈزمیں انتخابات کیلئے مزید مہلت دینے سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو (آج) پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول پیش کرنے کی ہدایت کر دی‘ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دئیے ہیں کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں مزید مہلت نہیں دی جائے گی‘ اگر احکامات پر عمل نہ ہوا تو ہمیں بادل ناخواستہ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنا پڑے گا‘اب کسی قسم کی بہانے بازی نہیں چلے گی‘بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کا ذمہ دارالیکشن کمیشن ہے‘عدالت کو بتایا جائے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کیا چیز رکاوٹ ہے ؟‘ پانچ سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، تاریخیں دے دے کر تھک گئے ہیں‘ اس طرح تو آئندہ 10 سال بھی بلدیاتی انتخابات نہیں ہونگے‘ اب مزید تاخیربرداشت نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت (آج)تک ملتوی کردی۔ منگل کو جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے استفسار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں کیا چیز رکاوٹ ہے ، پانچ سال سے بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، تاریخیں دے دے کر تھک گئے ہیں۔ اس طرح تو آئندہ 10 سال بھی بلدیاتی انتخابات نہیں ہونگے۔جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ہی راستہ رہ گیا ہے یہ توہین عدالت کا معاملہ ہے۔ یہ نہ ہو کہ ہمیں بادل ناخواستہ وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنا پڑے، جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیے کہ لوکل گورنمنٹ کا نظام نہ ہونے سے لوگوں کو بچوں کی رجسٹریشن کیلئے ہزاروں روپے رشوت دینا پڑتی ہے۔عام آدمی بلدیاتی انتخابات نہ ہونے کی وجہ سے کاغذات کی تصدیق کیلئے گریڈ 17 کے افسر کو دھونڈتا پھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات آئین کا تقاضا ہے۔ اس حوالے سے ہمارے احکامات بھی ریکارڈ پر موجود ہیں۔ وقفے کے بعد اٹارنی جنرل بتا دیں کہ ہمیں اب کیا کرنا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کرانا نہ صرف عدالتی حکم ہے بلکہ آپ کی ذمہ داری ہے ،جسٹس سرمد جلال عثمانی نے ریمارکس دئیے کہ آج ہم بلدیاتی انتخابات کی تاریخیں دینگے جس پر الیکشن کرانا ہونگے۔اس کے ساتھ ہی عدالت میں وقفہ کر دیا گیا اور وقفہ کے بعد سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو آخری مہلت دیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ (آج) بدھ تک پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول پیش کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول (آج)جمع کرانے کی ہدایت بھی کی

مزید :

صفحہ اول -