این اے122دھاندلی کیس،عمران خان کی درخواست پر الیکشن ٹربیونل نے نادرا سے ریکارڈ کی تصدیق کا حکم دیدیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن ٹربیونل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست منظور کرلی اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147کے ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق کرانے کاحکم دیدیا ۔ ٹربیونل نے نادرا کو ہدایت کی ہے کہ ایک ماہ میں انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی رپورٹ جمع کرائیں ۔
الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم ملک نے این اے 122اورپی پی 147ھاندلی کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سنادیا۔
ٹربیونل نے ہدایت کی کہ بیلٹ پیپرسمیت انتخابی ریکارڈ پر استعمال ہونیوالے انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کرائی جائے اور ایک مہینے میں نادراانگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کی رپورٹ ٹربیونل میں جمع کرائے ۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکلاءنے دھاندلی کاالزام عائد کرتے ہوئے نادرا سے تصدیق کرانے کی استدعا کی تھی لیکن عمران خان کے مخالف امیدوار اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے وکلاءنے نادرا سے تصدیق کرانے کی مخالفت کی تھی ۔