نئی نسل کی تربیت کیلئے حب الوطنی کے مضمون کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائیگا: رضا علی گیلانی

نئی نسل کی تربیت کیلئے حب الوطنی کے مضمون کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائیگا: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

بہاولپور، لودھراں، خانقاہ شریف (بیورورپورٹ نمائندہ پاکستان) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے کے لئے ہر ڈویژن میں پروفیشنل اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی اور جامعات میں تحقیق کے کلچر کے فروغ کے لئے ریسرچ جرنلز شائع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے داخلے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےگورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کے سنڈیکٹ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ سنڈیکٹ اجلاس میں وائس چانسلر گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر طلعت افزا، وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر محمد علی، ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی، ایم پی اے سمیرا سمیع، ایم پی اے حسینہ ناز، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ڈیپارٹمنٹ فائقہ سحر، ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ طارق حمید بھٹی، چیئر مین تعلیمی بورڈ پروفیسر مسعود اختر، ماہر تعلیم نجمہ جعفری، صنعتکار ڈاکٹر رانا محمد طارق اور رجسٹرار پروفیسر صبیحہ خاکوانی شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ نئی نسل کی تربیت کے لئے حب الوطنی کے مضمون کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھار کر ہم اقوام عالم کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاول پور کے چوتھے سنڈیکٹ اجلاس میں یونیورسٹی کے انڈوومنٹ فنڈ کے قیام، فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے ممبر کے تقرر، ریذیڈنٹ آڈیٹر کی پوسٹ کی منظور ی اور معاہداتی بنیاد پر اساتذہ کے تقرر کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گذشتہ دو ماہ کے دوران سلیکشن بورڈ کے تحت کی گئی مختلف ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کی تقرریوں کی بھی توثیق کی گئی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے میٹرک سالانہ امتحان کے سلسلہ میں قائم امتحانی مراکز واقع گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج دوبئی محل روڈ اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین کا اچانک معائنہ کیا۔اس موقع پر چیئر مین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا مسعود اختر بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن نے مراکز میں امتحانی امور کا جائزہ لیا۔انہوں نے سیکورٹی انتظامات اور امتحان کی نگرانی کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیاچیئر مین تعلیمی بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا مسعود اختر نے بتایا کہ تمام امتحانی مراکز میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور امتحانی نظام کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے علاوہ ازیں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر متحد ہو کر ملک و ملت کی تعمیر کریں انہوں نے یہ بات ضلع کونسل لودھراں کے کانجو ہال میں نیشنل ایجوکیشن کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کی صدارت چیئر مین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیرزادہ نے کی۔ کانفرنس کا اہتمام فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکول پنجاب نے کیا تھا۔ کانفرنس میں صوبائی چیئر مین بیت المال سلیمان منگلا، چیئر مین میونسپل کمیٹی لودھراں شیخ افتخار الدین تاری، فرید خان بنگش، شیخ محمد اکرم، اظہر بخاری، وائس چیئرمین فیڈریشن پنجاب محمد اشرف سہو، مرکزی جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری محمد ارشد، فیڈریشن کے ضلعی صدر رانا محمد اشرف اور ماہرین تعلیم کی کثیر تعداد موجود تھی۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے مزید کہاکہ پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے فیڈریشن آف رجسٹرڈ سکولز کے مطالبات کو متعلقہ سکول ایجوکیشن کے وزیر تک پہنچاؤں گا اور پرائیویٹ سکولز کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے بعدازاں انہوں نے فیڈریشن کے عہدیداروں اور نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ میں شیلڈیں بھی تقسیم کیں۔