لاہور ہائیکورٹ:پی ایس ایل ٹکٹوں کی بلیک کیخلاف درخواست خارج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرخارج کر دی، عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ قوم کو بلیک میں چیزیں بیچنے اور خریدنے کی عادت ہو گئی ہے، عدالتیں اس میں کیا کریں،جسٹس عاطر محمود نے ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت کے خلاف اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 5مارچ کو لاہور میں ہو رہا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ فائنل میچ کی ٹکٹیں فراہم نہیں کر رہا ہے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ پی سی بی حکام کی ملی بھگت کی وجہ سے فائنل میچ کی ٹکٹوں کی قیمت بارہ ہزار روپے رکھی گئی ہے جس کی وجہ سے ٹکٹیں بلیک میں فروخت ہو رہی ہیں، پانچ سو روپے والی ٹکٹ چار ہزار روپے جبکہ بارہ ہزار روپے والی ٹکٹ بیس ہزا روپے میں فروخت ہو رہی ہے جو شائقین کرکٹ کا استحصال ہے، انہوں نے استدعا کی کہ پی ایس ایل فائنل کی ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور شائقین کرکٹ کو سستی ٹکٹیں فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ اس حوالے سے سائبر کرائم اپنا کام کر رہا ہے، ویسے بھی قوم کو بلیک میں چیزیں بیچنے اور خریدنے کی عادت ہو گئی ہے، اس میں عدالتیں کیا کریں، عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔