پی ایس ایل کاجنون،بیشتر وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے

پی ایس ایل کاجنون،بیشتر وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے

لاہور(نامہ نگار خصوصی )پی ایس ایل کاجنون، بیشتر وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوئے،لاہورہائیکورٹ نے عدم پیروی پرمختلف کیسز میں6منشیات فروشوں کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔جسٹس وقاص رؤف مرزا اورجسٹس سردارمحمد سرفرازڈوگرپرمشتمل 2رکنی خصوصی بنچ نے منشیات فروخت کرنے کے مقدمات میں ملوث ملزمان کی ضمانت کی مختلف درخواستوں پرسماعت کی۔ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل پنجاب رانا محمد شفیق اورنزہت بشیر نے ملزموں کیخلاف ریکارڈپیش کرتے ہوئے ملزمان کی درخواست ضمانتوں کے خلاف دلائل دیئے۔سرکاری وکلاء کاکہناتھا کہ ملزمان سے بھاری مقدمات میں چرس برآمد ہوئی،ملزمان کے خلاف کئی کئی مقدمات درج ہیں اوریہ پولیس تفتیش میں بھی قصوروارہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کی درخواست ضمانتیں خارج کی جائیں۔عدالت میں کئی درخواست گزاروں کے وکلاء پیش نہ ہوئے، عدالت نے عدم پیروی پرلاہورسے تعلق رکھنے والے منشیات فروش محمد ابرار،محمد فیض، فاروق جہانگیر ،فیصل آباد سے تصویررضا، گوجرانوالہ سے محمد یوسف اورپاکپتن شریف سے صابرعلی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔

مزید : صفحہ آخر