راولپنڈی، پولیس تشدد سے ایک شخص جاں بحق، عوام کا احتجاج، مری روڈ بلاک، میٹرو بس معطل

راولپنڈی، پولیس تشدد سے ایک شخص جاں بحق، عوام کا احتجاج، مری روڈ بلاک، میٹرو ...

  

راولپنڈی(جنرل رپورٹر) تھانہ صادق آباد کی حدود میں مبینہ پولیس تشدد سے محمد اکرم نامی شخص جاں بحق،اہل محلہ کا سخت احتجاج، راولپنڈی میں ٹریفک کا نظام درہم برہم،میٹرو بس سروس بھی عارضی طور پر معطل، اہل محلہ کے مطابق گزشتہ روز تھانہ صادق آباد کے علاقے راول روڈ کے قریب چھت پر پتنگ بازی کی اطلاع پر دو پولیس اہلکاروں نے محمد اکرم کے گھر پر چھاپہ مارا جس پر محمد اکرم نے پولیس کو بتایا کہ ہماری چھت کے اوپر کوئی پتنگ بازی نہیں ہو رہی اس دوران پولیس اہلکاروں نے محمد اکرم پر مبینہ تشدد شروع کر دیا،تشدد کے دوران محمد اکرم حرکت قلب بند ہونے کے باعث جان کی بازی ہار گیا، اکرم کو اہل محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال منتقل لیکن ہسپتال پہنچنے سے قبل وہ جاں بحق ہو چکا تھا، اہل علاقہ نے نعش ہسپتال کے سامنے رکھ کر سخت احتجاج کیا اس دوران راولپنڈی شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا،مریڑ چوک سے مری روڈ جانے والی روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی جبکہ راول روڈ بھی ٹریفک کیلئے انتظامیہ کی طرف سے بند کر دیا گیا اور مظاہرین کے خوف سے میٹرو بس انتظامیہ نے بھی میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل کر دی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا،انتظامیہ اور اہل علاقہ کے درمیان آخری اطلاعات آنے تک مذاکرات جاری ہیں اور اہل علاقہ کی طرف سے جماعت اسلامی کے مقامی راہنما رضا شاہ انتظامیہ سے مذاکرات کر رہے ہیں،مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک پولیس کے دو اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج نہیں ہوتا اس وقت تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے ،مظا ہرین میں ،بچے ،نوجوان اور خواتین کی بڑی تعدادشامل ہے، جبکہ انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس واقعے کی مکمل انکوائری کرائی جائے گی اور انکوائری کے دوران اگر پولیس اہلکاروں کا تشدد ثابت ہوا تو پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -