وزارت کیڈ میں تبادلے پی ایم ایجوکیشن ریفارم پروگرام پر اثر انداز نہیں ہو ں گے : طارق فضل
اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ کرپٹ افسران کے تبادلے وزارت کیڈکی ڈیمانڈ پر کئے گئے ہیں، کیڈ میں بدعنوان عناصر سی ڈی اے کے کرپٹ افسران کیخلاف جاری انکوائریوں پر اثر انداز ہونے کی کوششیں کر رہے تھے۔میڈیا کے نمائندوں کو گزشتہ روز بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہاکہ وزارت کیڈ میں حالیہ بڑے پیمانے پر ہونیوالے تبادلوں کاپی ایم ایجوکیشن ریفارم پروگرام یا کسی ماتحت ادارے پر کوئی اثر نہیں پڑنے دینگے۔
،انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کی سیکٹر سی 15 میں من پسند افراد کو نوازنے کی باتوں میں کوئی صداقت نہیں،وزیر مملکت نے کہا کہ آئندہ مالی سال کیلئے اپنی ضروریات کے مطابق گزشتہ مالی سال سے زائد بجٹ مانگا ہے جبکہ پی ایم ایجوکیشن ریفارم پروگرام میں ابتدائی 24 تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے علاوہ بقیہ 200 تعلیمی اداروں کو بہتر بنانے کیلئے3ارب روپے کی گرانٹ جاری کی چکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں ہسپتالو ں کی درپیش کمی کو پورا کرنے کیلئے وفاقی کابینہ نے 500 بیڈز کے 3نئے ہسپتالوں کی منظوری دیدی ہے جس کیلئے سی ڈی اے نے اراضی بھی مختص کر دی ہے۔