نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس ، 5کیسز میں تفتیش کی مظوری ، 3انکوائریاں بند
اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں 5 کیسز میں تفتیش کی منظوری دی گئی۔ نیب ہیڈ کوارٹرز کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پہلی تفتیش سابق وزیر و سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، پی ٹی سی ایل، پی ٹی اے اور دیگر کیخلاف بین الاقوامی کلیئر ہاؤس (آئی سی ایچ) کے معاملہ سے متعلق ہیں جس میں ان کیخلاف آئی سی ایچ کی پی ٹی سی ایل کو ہینڈلنگ میں قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کا الزام ہے جو قومی خزانہ کو ماہانہ ایک ارب روپے کا نقصان کا سبب بنا ۔ دوسری تفتیش وزارت خصوصی اقدامات اور دیگر کے افسران و عملہ کیخلاف ہے جس میں ملزمان پر کلین ڈرنکنگ واٹر فار آل (سی ڈی ڈبلیو اے) کے ٹینڈر غیر قانونی جاری کرنے کے الزام میں ہے جو قومی خزانہ کو 15 ارب روپے کے خسارے کا باعث ہے۔ تیسری تفتیش این ٹی ڈی سی، ٹی آئی بی ایل اور دیگر کیخلاف منظور کی گئی ہے جس میں ملزمان پر ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک میں 100 ملین روپے حجم کی اصولی رقم 30 ملین مارک اپ کی سرمایہ کاری غیر قانونی طور پر کرنے کا الزام ہے جس کی وجہ سے این ٹی ڈی سی کو 130 ملین کا خسارہ ہوا۔ چوتھی تفتیش کے ایم سی انکروچمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پارکنگ ڈیپارٹمنٹ آف کے ایم سی اینڈ مینجمنٹ آف ہاکی ایسوسی ایشن ویسٹ اینڈ مینجمنٹ آف میسرز ضیاء الدین ہسپتال اور دیگر کے افسران اور عملہ کیخلاف ہے، یہ کیس پہلے ہی سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے ریفر کیا گیا تھا۔ ملزمان پر گلی 15، نارتھ ناظم آباد کراچی کے پلاٹ کے ایم ایس ضیاء الدین ہسپتال کی انتظامیہ کی طرف سے ملی بھگت سے کمرشل استعمال کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے جس کی وجہ سے قومی خزانہ کو 150 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ پانچویں تفتیش میپکو، ٹرسٹ انوسٹمنٹ بینک لمیٹڈ (ٹی آئی بی ایل) ملتان اور دیگر کیخلاف منظور کی گئی ہے، اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کا غلط استعمال اور خوردبرد کا الزام ہے جو قومی خزانہ کو 289.481 ملین روپے کے نقصان کا سبب بنا ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں 3 انکوائریاں کھولنے اور 3 انکوائریاں بند کرنے کی بھی منظوری دی گئی ۔