گوجرانوالہ ،ٹکٹ نہ ملنے پرنجی سکول کی طالبات کا دھرنا ،کلاس میں جانے سے انکار
گوجرانوالہ(اے این این)لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل کی ٹکٹس نہ ملنے اور بلیک میں فروخت ہونے کے خلاف گوجرانوالہ میں نجی سکول کے طلبہ وطالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ کر دیا ، احاطہ سکول میں سر پر ہاتھ رکھ کر دھرنا بھی دیدیا ۔ اتوار کو لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل میچ کی ٹکٹیں بلیک میں فروخت اور براہ راست میچ دیکھنے کی خواہش پوری نہ ہونے پر گوجرانوالہ میں نجی سکول کے طلبہ و طالبات نے اسمبلی کے بعد کلاسوں میں جانے سے انکار کر دیا ۔ طلبہ و طالبات نے دھرنا دیا اور سکول پرنسپل کے کہنے کے باوجود احتجاج ختم نہیں کیا ، طالب علم پی ایس ایل میچ براہ راست دیکھنے کا مطالبہ کرتے رہے ۔ سکول پرنسپل نے طلبہ و طالبات کو یقین دہانی کروائی کہ سکول میں پروجیکٹر سکرین پر طلبہ و طالبات کو میچ دکھانے کے انتظامات کئے جائیں گے جس پر انہوں نے اپنا احتجاج ختم کر دیا اور کلاسوں میں چلے گئے۔
طالبات کادھرنا