چیئرمین سینیٹ کااجلاس میں وزراء کی عدم شرکت پر اظہار برہمی
اسلام آباد(آن لائن) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وفاقی وزراء کی سینیٹ کے اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سینیٹ کے ا جلاس کو چلانا نہیں چاہتی انہوں نے جمعہ کے روز سینیٹ کے اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے پوچھا کہ وفاقی وزراء کدھر ہیں اجلاس کے دوران جو بھی سوال کیا جاتا ہے اس کا جواب متعلقہ وزیر نہیں دیتا بلکہ سب وزارتوں کا جواب شیخ آفتاب ہی دے رہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب دینے کیلئے شیخ آفتاب اپنی سیٹ سے اٹھے تو چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپ بیٹھ جائیں اس سوال کا جواب متعلقہ وزیر ہی دیں اور بتائیں کہ متعلقہ وزیر کیوں نہیں آئے ؟ تو اس پر شیخ آفتاب نے کہا کہ مجھے جوابات کی فائلیں پہنچ جاتی ہیں اور وہ میں پڑھ دیتا ہوں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کیڈ کے وزیر موجود نہیں ہیں لہٰذا پنجاب میں دہشت گردوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے بہانے پشتون برادری کیخلاف حکومت پنجاب اور پنجاب پولیس کی طرف سے کی گئی کارروائی کو اور توجہ مبذول کرانے کے نوٹس کو پیر کے ایجنڈے میں شامل کردیا جاتاہے اور پیر کو وزیر داخلہ پنجاب حکومت سے اس حوالے سے جواب لیکر ایوان کو تفصیلات بتائیں۔