پیپلز پارٹی کی اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی
اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آج(ہفتہ کو ) منعقد ہوگی اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی شرکت کے لئے رابطے گذشتہ روز بھی جاری رہے۔ سابق چیئرمین سینیٹ اورپی پی پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری ،سینیٹر فرحت اﷲبابر ،قیوم سومرو، سردار علی خان ، اخونزادہ چٹان نے قومی اسمبلی میں فاٹا کے پارلیمانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی سینیٹر سجاد حسین طوری۔ سینیٹرملک نجم الحسن سے ملاقات کرکے دعوت نامہ پہنچایا جس پر اراکین پارلیمنٹ فاٹا نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت پر رضامندی کا اظہار کیا۔ سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ قومی معاملات پر حکومت کا رویہ غیر سنجیدہ ہے حکومت کی توجہ کسی اور طرف ہے پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے اعلان اورقومی معاملات پر اتفاق رائے کے لئے رابطوں کے اثرات ہیں کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات پر بھی توجہ دی لیکن حکومتی اعلان اب بھی مبہم ہے۔نیئر بخاری نے مزید کہا کہ 2015میں آئینی ترامیم اتفاق رائے سے ہوئیں اب بھی ہم ایسا ہی چاہتے ہیں ۔جن سیاسی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی وہ تمام آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرینگی ۔ڈاکٹر قیوم سومرو نے کہا کہ ایم کیو ایم سے مذاکرات جاری ہیں اور رابطے موجود ہیں امید ہے کہ ایم کیو ایم اے پی سی میں شرکت کرے گی۔ فاٹا کے پارلیمانی لیڈر شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہر کام جمہوری انداز میں کیا ہے جس موقف پر پی پی پی نے بات کی حالات و واقعات نے اسے صحیح ثابت کیا۔ اے پی سی میں شرکت کرکے اپنا موقف پیش کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس زرداری ہاؤس اسلام آباد میں آج منعقد ہوگی سابق صدر مملکت آصف علی زرداری پہلے ہی اسلام آباد پہنچ کر اہم سیاسی رابطو ں میں مصروف ہیں ۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا ۔