پی ایس ایل، 15غیر ملکی کھلاڑیوں کے نام فائنل، سٹیڈیم عوام کا منتظر: شہباز شریف
لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2017 کی تینوں سہرفہرست ٹیموں نے فائنل کیلئے 15 غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں 5 مارچ کو ہونیوالے پی ایس ایل فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم رسائی کرچکی ہے جبکہ پشاورزلمی اور کراچی کنگز کے درمیان تیسرا پلے آف کھیلا جارہا جس میں دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوجائے گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاورزلمی اور کراچی کنگز نے مستقل کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے بعد 15 غیرملکی کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔ان غیرملکی کھلاڑیوں میں زمبابوے کے ایلٹن چگمبورا، بنگلہ دیش کے انعام الحق اور پاکستانی نڑاد انگلش کھلاڑی اشعر زیدی بھی شامل ہیں۔پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے والے کھلاڑیوں میں پشاورزلمی کے پانچوں غیرملکی کھلاڑی بھی شامل ہیں۔پشاورزلمی کے مالک جاوید آفریدی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کپتان ڈیرن سیمی، انگش کھلاڑی ڈیوڈ ملان، سمت پٹیل، کرس جارڈن اور مارلن سیمیولز لاہور آئیں گے جس کے لیے پاکستانی ویزے بھی جاری کردیے گئے ہیں۔فائنل کیلئے حتمی فہرست میں شامل کیے گئے دیگر کھلاڑیوں میں پیٹر ڈیوڈ، ایمرت ریاد ریان، گریم کریمر، جیڈ ونسٹن ڈیرنبیچ، ریان نیل، وین ویک مورن نیکو، رچرڈ چیڈ، جوشوا جیمز بھی شامل ہیں۔اس فہرست میں پاکستانی نڑاد انگلش کھلاڑی اظہراللہ کے علاوہ سین مائیکل، ولیمزکیسرک کینول کا نام بھی شامل کیا گیا ہے ان تمام کھلاڑیوں کو پاکستان کا ویزا جاری کردیا گیا ہے۔گزشتہ سال کی چمپیئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے بھی پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ویوین رچرڈز بھی فائنل میں اپنی ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔خیال رہے کہ فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار کھلاڑی کیون پیٹرسن، لیوک رائٹ اور فاسٹ باؤلر ٹائمل ملز نے لاہور آنے سے انکار کرتیہوئے واپس انگلینڈ چلے گئے ہیں۔
نام فائنل
لاہور(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے قذافی سٹیڈیم کی تصویریں شائع کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین انتظامات عوام کی آمد کے منتظر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ کی میزبانی کا اعزاز حاصل کرنیوالے میدان قذافی سٹیڈیم کی نئی تصویریں ٹوئٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کی ایک ہی شناخت ہے اور وہ ہے حب الوطنی۔ ملک میں کسی بھی نسلی تعصب رکھنے والے شخص کو برداشت نہیں کیا جائے عوام بھی اس حوالے سے بیانات دینے والوں پرتوجہ نہ دیں۔
شہبازشریف
لاہور(اپنے کرا ئم ر پو رٹر سے) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل کا میلہ کل ( اتوار ) 5مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سجے گاجس کیلئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی۔ اہلکاروں کی جانب بسے فل ڈریس ریہرسل بھی کی گئی۔ادھر ٹکٹ کے حصول کیلئے شائقین کرکٹ تیسرے روز بھی امیدیں لے کر بینکوں کے باہر پہنچے تاہم انہیں مایوس واپس لوٹنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستا ن سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل کل ( اتوار) کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور بیتاب شائقین کرکٹ کے لئے چند گھنٹے گزارنا بھی مشکل ہو گیا۔دوسری طرف پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی طرف سے قذافی اسٹیڈیم میں فائنل میچ کی افتتاحی اور تقسیم انعامات کی تقریبات سمیت میچ کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ سکیورٹی انتظامات کے سلسلہ میں قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور حدود میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوعہ قرار دیا گیاہے اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات ہے۔حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں گزشتہ روز بھی سرچ اینڈ سویپنگ کا عمل وقفے وقفے سے جاری رہا۔ تمام انکلوڑرز ، اسٹیڈیم کے داخلی اور اخارجی راستوں اور دیگر مقامات کی بم ڈسپوزل سکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے چیکنگ کی گئی۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے وقفے وقفے سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف غیرملکی نشریاتی کمپنی کا براڈ کاسٹنگ سامان لاہور پہنچ گیا۔ سٹیڈیم میں کیمروں سمیت دیگر آلات کی تنصیب شروع ہو گئی۔ تماشائیوں کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں بھی سٹیڈیم پہنچ گئیں۔فائیو سٹار ہوٹل میں کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کیلئے 120کمرے بک کروا لئے گئے۔ مہمان کھلاڑیوں کیلئے سپیشل کھانے تیار کئے جائیں گے۔ فرائیڈ چکن، بریانی، مٹن دو پیازہ، بیف سٹک، دیسی کھانوں کے ساتھ سویٹ ڈش میں فرنی، کھیر اور جیلی تیار کی جائے گی۔فائنل میچ کیلئے اعلی سیاسی اور عسکری شخصیات کو دعوت نامے بھی بھجوا دیئے گئے ہیں۔ پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی جانب سے بھی فائنل دیکھنے کی بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں۔ پی ایس ایل انتظامیہ کے مطابق اسٹیڈیم کے دروازے تین بجے کھول دئیے جائیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بورڈ کے سابق چیئرمینوں ، کپتانوں ا ور کرکٹرز کو دعوت نامے ارسال کر دئیے گئے ہیں۔ میچ میں صدر مملکت سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔بتایا گیا ہے کہ میچ کے دوران 5درجاتی سکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے جس کے تحت سکیورٹی کی اعلیٰ نگرانی کے لئے فوج ، رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اسٹیڈیم اور اس کے اطراف میں تعینات ہوں گے ، محکمہ صحت کی جانب سے لاہور کے تمام ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت تمام محکموں نے ہنگامی مشقیں کیں جسکے تحت کھلاڑیوں ، آفیشلزاور غیر ملکی مہمانوں کو ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم پہنچانے اور دوبارہ واپس لانے کے تناظر میں مشقتیں کی گئیں۔ اس موقع پر وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان ، صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ ،چیف سیکرٹری کیپٹن (ر)زاہد سعید،رینجرز افسران ، پی سی بی سکیورٹی آفیشلز ،کمشنر لاہور ڈویژن عبد اللہ خان سنبل سمیت دیگر بھی شریک تھے۔راناثناء اللہ نے کہاکہ فائنل کے دن لاہور میں زندگی معمول کے مطابق ہو گی۔ سٹیڈیم کے اندر ریسٹورنٹس کے علاوہ کوئی دفتر بند نہیں ہو گا۔ انتظامیہ نے پارکنگ سے سٹیڈیم تک شٹل سروس چلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔پانچ مارچ کو دو ہیلی کاپٹر قذافی سٹیڈیم سمیت شہر کی فضائی نگرانی کریں گے۔