ہمارے دور میں غیر ملکی کھلاڑی پاکستان بلاخوف آتے تھے، پرویزالٰہی
لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ق)کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ اگر پنجاب حکومت اپنے دارالحکومت میں 6گھنٹے کا ایک کرکٹ میچ بھی نہیں کروا سکتی تو اس کی ذمہ داری کیا ہے؟ اسے اپنی نااہلی تسلیم کر کے مستعفی ہو جانا چاہئے، دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے ایک میچ کرانے کیلئے فوج سے جو مدد مانگی ہے اس میں بھی اس کی بدنیتی شامل ہے، حکومت کی حکمت عملی یہ ہے کہ پرامن میچ ہونے کی صورت میں اسے ن لیگ کا کارنامہ قرار دیا جائے اور خدانخواستہ کسی حادثہ کی صورت میں ذمہ داری فوج پر ڈال دی جائے۔ اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے سوالات کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے اندر بھی دہشت گردوں کے خلاف آپریشن رد الفساد چل رہا ہے، ایسے حالات میں فوج کو کرکٹ میچوں کی سکیورٹی میں بھی الجھا دینا دہشت گردی کے خلاف اس کی جنگ میں خلل ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 9/11 کے باوجود ہمارے پانچ سالہ دور حکومت میں پنجاب میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوتی رہی تھی، کوئی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں آ کر کھیلنے سے خوفزدہ نہیں تھا، ہم نے تو لاہور میں انٹرنیشنل میراتھن ریس بھی کروا کے دکھا دی تھی جو اس کے بعد آج تک نہیں ہو سکی۔