مشترکہ مفادات کونسل میں صوبے کا مقدمہ خود لڑوں گا:وزیر اعلیٰ سندھ

مشترکہ مفادات کونسل میں صوبے کا مقدمہ خود لڑوں گا:وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے کہ مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ کا مقدمہ خود لڑوں گا،آئین کے تحت ایکنک اور ای سی سی کو آئل و گیس کی تقسیم اور قیمتوں کے تعین کا اختیار نہیں ہے۔وہ مشترکہ مفادات کونسل میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ترجمان وزیراعلی ہاؤس کے مطابق سید مراد علی شاہ نے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل 154 کی تشریح کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کی سب کمیٹی کا اجلاس اسلام آبادمیں ہورہا ہے ،جس میں بطور وزیر قانون خود شریک ہوں گا ۔ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ وفاق کے پاس آرٹیکل 154کے تحت گیس اورآئل کی قیمتوں کے تعین اور تقسیم کا اختیار نہیں، انجینئر کے ساتھ ایک قانون دان کا بیٹا ہوں اور آئین کو بہتر سمجھتا ہوں۔وزیراعلی نے کہا کہ آئین کے تحت گیس اور تیل پر پہلاحق صوبے کا ہے، جو اپنی ضروریات پوری کرنے کے بعد دوسرے صوبوں کو فراہم کیا جاسکتاہے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق آئینی تشریح کے لیے سی سی آئی نے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، جس کے قانون اور انصاف کے وفاقی وزیر چیئرمین ہیں، وزیراعلی سندھ قانونی وزیر کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔سب کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے قانون،ایڈووکیٹ جنرلز اوراٹارنی جنرل شرکت کررہے ہیں ۔

مزید : ملتان صفحہ اول