صحت اور تعلیم سمیت اہم عوامی خدمت کے اداروں میں تاریخی اصلاحات کیں:اسد قیصر

صحت اور تعلیم سمیت اہم عوامی خدمت کے اداروں میں تاریخی اصلاحات کیں:اسد قیصر

پشاور( سٹاف رپورٹر )سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت دیگرعوامی خدمات کے اداروں میں تاریخی اصلاحات کے ذریعے انہیں عوامی امنگوں کے عین مطابق بنادیا ہے ۔ جمعہ کے روز لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے اچانک دورے کے موقع پر مختلف وارڈزمیں مریضوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔اس موقع پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹرمحمد عارف کے علاوہ ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کے متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے ۔سپیکر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈائریکٹر ہاسپٹل ڈاکٹر محمد عارف نے سپیکر کو ہسپتال کی جانب سے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے متعلق آگاہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ ایم ٹی آئی کادرجہ ملنے کے بعد ہسپتال کی کارکردگی میں اضافہ ہوا جس سے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی کافی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے بھی خاطرخواہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصرنے ہسپتال کے مختلف وارڈزجاکر مریضوں سے ملاقات اور ان کی عیادت کی ۔مریضوں نے سپیکر کو ہسپتال کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اقدامات سے ہسپتالوں میں واضح تبدیلی آئی ہے اورحکومتی اقدامات کی بدولت عوام کا سرکاری ہسپتالوں پر اعتماد بحال ہواہے ۔سپیکر نے ہسپتال انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ حکومتی اقدامات کی روشنی میں طبی خدمات کی فراہمی کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے روزاول سے صحت تعلیم اور امن عامہ کے قیام پر بھر پور توجہ مرکوزکر رکھی ہے جس کی بدولت عوام ماضی کے مقابلے میں نمایاں تبدیلی محسوس کر رہے ہیں ۔اسد قیصرنے کہا کہ صوبے کے تمام مراکزصحت میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے شفاف طریقہ کار کے تحت عملے کی بھرتی کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت صحت عامہ کے شعبے سے وابستہ افراد کی فلاح وبہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔حکومت نے ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کے اجراء کے علاوہ ہزاروں کی تعداد میں ڈاکٹروں او دیگر عملے کو مستقل کر دیا ہے تاکہ وہ پور ی تندہی سے اپنی توانائیاں عوام کوخدمات کی فراہمی کے لئے بروئے کار لاسکیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر