تحصیل نوشہرہ میں ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال کا نوٹس
پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے تحصیل نوشہرہ میں ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل اور کمیشن وغیرہ لینے پر نظر رکھنے کے لئے تحصیل ممبرو چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی نوشہرہ شاہ سعود داؤد زئی کو اختیار دیا کہ وہ وزیر اعلیٰ کو اس ضمن میں ماہوار پراگرس رپورٹ دیں گے۔اس موقع پر ضلع نوشہرہ کی تینوں تحصیلوں کے ناظمین اور ٹی ایم اوز اور ڈی سی نوشہرہ بھی موجود تھے۔ انہوں نے نوشہرہ میں صفائی مہم تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایت کی کہ اگر کسی نے بھی کمیشن لیا تو تحصیل ممبر شاہ سعود داؤدزئی صوبائی حکومت کو رپورٹ کریں۔ وزیر اعلیٰ نے ڈمپنگ سٹریٹیجی وضح کرنے اور اس سلسلے میں ریٹس اور کرائٹیریا میں یکسانیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شفافیت برقرار رکھی جائے۔ کرپشن کے خلاف زیرو لیول برداشت ہونی چاہئے۔ ٹی ایم اے نوشہرہ صفائی اور ویسٹ منیجمنٹ یقینی بنائے۔ ضلع بھر میں صفائی مہم کو تیز کیا جائے ۔ تعمیراتی منصوبوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال سے گریز کیا جائے۔ منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔