آئی جی پی نے بنوں پولیس اہلکاروں کو توصیفی اسناد اور نقد انعامات دیئے
پشاور( کرائمز رپورٹر ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان دُرانی نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں بنوں پولیس کے اہلکاروں کو رات کی تاریکی میں منڈان پولیس اسٹیشن کو 250 کلو گرام بارود سے بھر ی گاڑی کے ذریعے اُڑانے کے منصوبے کو ناکام بنانے پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز دہشت گردوں نے علی الصبح پانچ بجکر 10 منٹ پر تھانہ منڈان کو بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے اُڑانے کی کوشش کی۔ جونہی بارود سے بھری گاڑی تھانے کے پہلے بیئررپہنچی تو اوپر چھت پر ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار نے گاڑی کی مشکوک رفتار کوجانچ کر ٹارچ کے ذریعے روکنے کا اشارہ کیا۔ خودکش حملہ آور اندھیری رات میں پولیس کی الرٹ کی وجہ سے خواس باختہ ہوگیا اور پہلے پولیس بیئرر پر 250 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی کو اُڑادیا۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے پولیس اہلکاروں کی ساری رات جاگ کر علی الصبح تک الرٹ رہنے اور حاضر دماغی سے کام لینے اور جرات و بہادری کاپیکر بن کر بارود سے بھری گاڑی کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈیوٹی سرانجام دینے کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ اگر خدا نخواستہ 250 کلو گرام بارود سے بھری گاڑی تھانے کی عمارت سے ٹکرا جاتی تو پورا تھانہ ملیامٹ ہو کر بڑی تباہی و بربادی برپا ہوجاتی، تاہم پولیس اہلکاروں نے اندھیری رات میں دہشت گردوں کے ایک اور خطرناک منصوبے کو خاک میں ملاکر خیبر پختونخوا پولیس کی تاریخ میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ کردیا۔ آئی جی پی نے کہا کہ راتوں کو جاگنے والوں کی محنت رائیگاں نہیں جاتی اور انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ فورس کا نام مزید روشن کرنے کے لیے آئندہ بھی اسی طرح کارنامے سرانجام دیں۔ اس موقع پر آئی جی پی نے جان پر کھیل کر بہترین نمایاں کارکردگی پر آئی ایچ سی ریحان اور کانسٹیبلان مدثر اور عالمدار کو دس دس ہزار روپے نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔