وزیر اعلیٰ کی دعوت پر دانش سکولز کے 25طلباء کو میچ دیکھنے لاہور بلایا جائیگا
لاہور(ا ین این آئی ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ایک اور قابل تحسین اقدام کرتے ہوئے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے حکومت پنجاب کے انکلوژر میں دانش سکولز کے طلباء و طالبات، پیف سکالرز، بہترین ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کو میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ دانش سکولز کے طلباوطالبات، پیف سکالرز، بہترین ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز وزیراعلیٰ شہبازشریف کے خصوصی مہمان کی حیثیت میں قذافی سٹیڈیم لاہور میں5مارچ کوفائنل میچ دیکھیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی خصوصی دعوت پردانش سکولز کے25طلباء و طالبات کو فائنل میچ دیکھنے کیلئے لاہور بلایا جائے گااورمیچ دیکھنے کیلئے طلبا و طالبات کاانتخاب سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، ایم ڈی دانش سکولز اتھارٹی ،متعلقہ دانش سکول کے پرنسپل اورمتعلقہ ڈپٹی کمشنر پر مشتمل کمیٹی کرے گی۔وزیراعلیٰ کی دعوت پر پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف حاصل کرنیوالے 25پیف سکالرز بھی فائنل میچ دیکھیں گے۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ،وائس چےئرمین پیف اورچیف ایگزیکٹو آفیسر پیف پر مشتمل کمیٹی پیف سکالرز کا انتخاب کرے گی۔اس کے علاوہ8بہترین ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی جارہی ہے۔سیکرٹری و سپیشل سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پر مشتمل کمیٹی ایجوکیشن ایڈمنسٹریٹرز کا انتخا ب کرے گی۔12 بہترین ہیلتھ پروفیشنلزبھی وزیراعلیٰ کی دعوت پر فائنل میچ دیکھیں گے۔ ہیلتھ پروفیشنلز میں پرنسپلز، سرجنز،پروفیسرز ،وائس چانسلرز ،ڈاکٹرز ،نرسزاورپیرا میڈیکل سٹاف شامل ہوگا۔ سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر6ہیلتھ پروفیشنلز جبکہ سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کےئربھی 6ہیلتھ پروفیشنلز کاانتخاب کریں گے۔