مردم شماری کیلئے تمام مہاجرتنظیموں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، سلیم حیدر

مردم شماری کیلئے تمام مہاجرتنظیموں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے مہاجر عوام کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے مہاجر حقوق کیلئے کام کرنیو الی تمام تحریکوں، تنظیموں کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔ مردم شماری مہاجروں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔ اس سے غافل رہ کر ہم معاشی اور اقتصادی ترقی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی مہاجر قیادت کے دعویداروں کی غلط حکمت عملی اور لاپرواہی کے نتائج آج تک پوری قوم بھگت رہی ہے۔ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے مہاجر عوام آج بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ تعلیم سے لے کر ملازمتوں تک انہیں نظرانداز کردیا گیا ہے۔ کراچی اور حیدرآباد میں مقامی افراد کو روزگار دینے کیلئے اندرون سندھ کے دور دراز علاقوں سے کم تعلیم یافتہ اور بدعنوان لوگوں کو لاکر کراچی اور حیدرآبا دکے وسائل کو لوٹا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حالت یہ ہے کہ ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے دینے والے بھی سندھی، ٹھیکے لینے والے بھی سندھی اور اس مد میں کرپشن کرنے والے بھی سندھی لیکن ٹیکس مہاجر عوام سے وصول کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی اور حیدرآباد کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی رقم پیپلزپارٹی کی قیادت کی عیاشیوں کیلئے دبئی اور امریکا بھیجی جارہی ہے۔ کراچی جو روشنیوں کا شہر تھا آج وہاں کچرا اُٹھانے والا کوئی نہیں اور اگر اب بھی مہاجر اسی طرح خواب غفلت کا شکار رہے تو پھر مہاجروں کی آنے والی نسلیں بھی اس سے زیادہ برباد ہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے ہمیشہ آنے والے وقت کی نشاندہی کی ہے اور مہاجر حقوق کیلئے آواز اُٹھاتے رہے ہیں اور اُٹھاتے رہیں گے۔