بھارت سے رہائی پانے والے 18 ماہی گیر کراچی پہنچ گئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت سے رہائی پانے والے 18 ماہی گیر بذریعہ ٹرین جمعہ کے روز کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے جہاں صوبائی وزیر فشریز محمد علی ملکانی ، ڈی سی او کراچی ریلویز ناصر نذیر اور ماہی گیروں کے اہلخانہ نے ان کا استقبال کیا۔ رہائی پانے والے ماہی گیروں میں غلام محمد ، خدابخش ، عباس ، یاسین ، صدام ، مسی ، خان محمد ، بشیر ، سکندر، قاسم ، سلیمان ،خیرمحمد ،یارمحمد ، غلام رسول، قاد ر بخش ، محمد آمین ، محمد انور اور اسماعیل شامل ہیں۔ رہائی پانے والے ماہی گیروں کا تعلق سندھ کے ضلع سجاول سے ہیں، یہ ماہی گیر 12 مئی2016ء کو مچھلی کا شکار کرتے ہوئے ٖغلطی سے بھارتی سمندری حدود میں داخل ہو گئے تھے، انڈین حکام ان تمام ماہی گیروں کو کشتی سمیت گرفتار کر لیا تھا۔ بھارت سے رہائی پانے کے بعد کینٹ اسٹیشن پہنچنے پر ماہی گیروں کے اہل خانہ نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ماہی گیروں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غلطی سے سمندری حدود پار کرنے والے مچھیروں کو جلد از جلد تحقیات کے بعد رہا کردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دنوں جذبہ خیر سگالی کے تحت سینکڑوں بھارتی ماہی گیروں کو رہا کیا تھا جبکہ بھارت کو بھی فراغ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام پاکستانی ماہی گیروں کو رہا کرنا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہی گیروں نے کہا کہ بھارتی قید سے رہائی اور اپنے وطن پہنچنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے غریب مچھیروں کی رہائی کے لئے اقدامات کرنے پر اظہار تشکر کیا۔