کیون پیٹرسن کی کمی محسوس کریں گے،انہوں نے ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارم کیا:احمد شہزاد
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے اوپنراحمدشہزادکا کہنا ہے کہ ہم فائنل میچ میں بلے باز کیون پیٹرسن کی کمی محسوس کریں گے،انہوں نے اس پورے ٹورنامنٹ میں بہترین پرفارم کیاہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میچ میں ہمارا جذبہ ہی ہماری اصل طاقت ہے،جس بھی ٹیم نے اپنے اعصاب پر قابو پالیا وہ فائنل میچ کی فاتح ہوجائے گی۔ہماری ٹیم میں موجود بڑے کھلاڑیوں کو میچ جیتنے کی ذمے داری لینی ہو گی۔ بہت عرصے بعد پاکستان میں اب کرکٹ واپس آئی ہے ، شائقین کرکٹ کو چاہیے کہ اسے بھرپور سپورٹ کریں۔واضح رہے کہ بلے باز کیون پیٹرسن بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہوں نے پاکستان میں فائنل میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔ کل لاہور قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل سیزن ٹو کے فائنل میچ میں مد مقابل ہوں گی۔