ہر چیلنج سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت ہے ، شائقین کرکٹ کے گھر واپس جانے تک پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پوائنٹ قطعی نہ چھوڑیں:آئی جی پنجاب پولیس کی ہدایت

ہر چیلنج سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت ہے ، شائقین کرکٹ کے گھر واپس ...
 ہر چیلنج سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت ہے ، شائقین کرکٹ کے گھر واپس جانے تک پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی پوائنٹ قطعی نہ چھوڑیں:آئی جی پنجاب پولیس کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آن لائن ) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہاکہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے روز شہر میں امن وامان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے کھلاڑیوں او رشہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے پنجاب پولیس بالخصوص لاہور پولیس کے افسروں و جوانوں کو جذبہ حب الوطنی اور لگن سے فرائض سر انجام دیتے ہوئے یہ ثابت کرنا ہے کہ پنجاب پولیس کسی بھی چیلنج سے نبردآزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،  پنجاب پولیس نے ماضی میں بھی قیام امن کی خاطر بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا  ، مجھے امید ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے موقع پربھی وہ شہریوں کی خدمت اور حفاظت کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت اور حالات کی سنگینی کے حوالہ سے مکمل بریفنگ دیں اور یہ بھی بتایا جائے کہ شائقین سے حسن اخلاق اور شائستگی سے پیش آئیں ۔

 پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس دربار اور پولیس افسران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا  نے کہا کہ پوری دنیا کی نگاہیں پاکستان سپر لیگ کے فائنل پر ہیں لہذا اس موقع پر آپ سب کو جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر فرائض سرانجام دیتے ہوئے یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور پنجاب پولیس پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں دنیا کی کسی بھی پولیس فورس سے کم نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیسنگ ایک نہایت مقدس پیشہ ہے اور اگر ہم اپنے فرائض خلوص نیت ، لگن اور دیانت داری سے ادا کریں تو دنیا اور آخرت دونوں میں سرخرو ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میچ شروع ہونے سے لیکر میچ ختم ہونے اور شائقین کے گھروں کو واپس جانے تک پولیس افسران و جوان اپنا ڈیوٹی پوائنٹ قطعی نہ چھوڑیں اور اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر اسی طرح الرٹ کھڑے رہیں جس طرح ڈیوٹی کے آغاز سے فرائض سر انجام دے رہے تھے ۔

اس موقع پر  سی سی پی او محمد امین وینس نے لاہور پولیس کے افسران اور جوانوں کی جانب سے آئی جی پنجاب کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ لاہو رپولیس کے افسران اور جوانوں کے حوصلے بلند ہیں اور ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے ، شہریوں اور کھلاڑیوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہریوں کو پر امن ماحول میں فائنل میچ سے لطف اندوز ہونے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میچ کے اختتام پر تماشائیوں کے سٹیڈیم سے پر امن چلے جانے تک لاہور پولیس کا ہر افسر اور جوان چوکس ہو کر ڈیوٹی پوائنٹ پر موجود رہے گا۔

مزید :

لاہور -