پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا، کاٹی

پیٹرولیم قیمتیں بڑھنے سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگا، کاٹی

کراچی(اکنامک رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیداواری و کاروباری لاگت کے دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا، صنعتی اور ایس ایم ایز کو پہلے ہی روز بروز بڑھتی ہوئی پیداوار و کاروباری لاگت کے شدید دباؤ کا سامنا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے یہ دباؤ مزید شدید ہوگا۔ کاٹی کے صدر طارق ملک کا کہنا ہے کہ برآمداتی شعبے کی مشکلات کا بنیادی سبب بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ہے، صنعتوں کے لیے اس پر قابو پانا مشکل ترین ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پیٹرول پر عائد ٹیکس اور لیویز میں کمی کرکے اضافی قیمتوں کا بوجھ کم کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ صنعتوں، ایس ایم ایز، برآمدات اور عوام کے لیے یکساں طور پر مسائل میں اضافہ کرے گا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن لیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔

مزید : کامرس