خربوزے کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کیاجائے،محکمہ زراعت

خربوزے کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب کیاجائے،محکمہ زراعت

قصور(اے پی پی )محکمہ زراعت نے خربوزے کی منظورشدہ قسم ٹی 96اور ترقی دادہ قسم راوی کاشت کرنے سمیت شرح تخم ایک سے ڈیڑھ کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ خربوزے کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی زرخیز میرازمین کا انتخاب کیاجائے تاہم خربوزے کی کاشت ہر قسم کی زمین پر کی جاسکتی ہے مگر زرخیز میرازمین میں خربوزے کی کاشت سے زیادہ بہتر پیداوارکاحصول یقینی ہوسکتاہے نیز مذکورہ زمین میں نامیاتی مادے کی مناسب مقدار بھی ہونی چاہئیے جس کیلئے اگرزمین میں گوبرکی گلی سڑی کھادڈال کر ملادی جائے تو اس سے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔

ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ کاشتکار زمین تیارکرنے کیلئے مٹی پلٹنے والا ہل چلائیں اور اسکے بعد تین سے چار دفعہ عام ہل چلایاجائے اس کے علاوہ ہرمرتبہ ہل چلانے کے بعد سہاگہ بھی دیاجائے تاکہ ڈھیلے وغیرہ ٹوٹ جائیں اور زمین نرم اور بھربھری ہوجائے۔ انہوں نے خربوزے کے طریقہ کاشت کے بارے میں بتایا کہ تیارشدہ زمین میں دو سے اڑھائی میٹرکے فاصلے پر پٹڑیاں بنائی جائیں۔

مزید : کامرس