ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری وزیر اعلٰی کو ارسال ، جلد منظوری کا امکان

ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری وزیر اعلٰی کو ارسال ، جلد منظوری کا امکان

لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ڈینگی ملازمین محکمہ صحت کے ماتھے کا جھومر ہیں انھیں جلد بڑی خوشخبر ی ملنے والی ہے۔انھوں نے کہا کہ ڈینگی ملازمین کو مستقل کرنے کی سمری وزیراعلی پنجاب کو بھیج دی گئی ہے جس کو جلد منظور کر لیا جائے گا۔خواجہ عمران نذیرنے کہا کہ سیکنڈ ہیلتھ ویک کے دوران اٹک سے راجن پور تک تمام مراکز صحت میں 9لاکھ سے زائد افراد کی سکریننگ کی گئی جو ہمارے ٹارگٹ سے کہیں زیادہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کیمپس میں نو سے زائد بیماریوں کے ٹیسٹ کیے گئے ۔انھوں نے ہیلتھ ویک کے کامیاب انعقاد پر محکمہ صحت کے تمام ملازمین کو مبارکباد پیش کی۔ یہ بات صوبائی وزیرپرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے 27ویں سی ای اوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔کانفرنس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹر ٖفیصل ظہور،ایڈیشنل سیکرٹری،ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر اختر رشید،پراجیکٹ ڈائریکٹرز ،تمام اضلاع کے چیف ہیلتھ آفیسرزاور ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈرہیلتھ کیئر مراکز صحت میں جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ معیاری طبی سہولیات کو یقینی بنا رہا ہے۔انھوں نے کہاکہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ 21بنیادی مراکز صحت جن میں لاہو ر، قصور،وہاڑی،ٹوبہ ٹیک سنگھ،فیصل آباد ، ساہیوا ل ، حافظ آباد ،لودھراں اور پاکپتن کے BHUsشامل ہیں ،نے مینیم سروس ڈلیوری لائسنس کے حصول کے لیے کوالیفائی کیا ہے،جو کہ انتہائی اہم کامیابی ہے جبکہ اس سے قبل 19،BHUکوالیفائی کر چکے ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمیں وبائی امراض پر کنٹرول کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا ۔انھوں نے کہا کہ سندھ اور کے پی کے میں خسرہ اور ٹائیفائیڈ کے کیس سامنے آئے ہیں پنجاب میں اس حوالے سے تمام اقدامات قبل از وقت مکمل کر لیے جائیں۔ انھوں نے سی ای اوز کو ہدایت کی کہ لاکڑہ کاکڑہ، خسرہ اور ٹائیفائیڈ کی اپنی متعلقہ اضلاع میں خصوصی نگرانی کریں۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان نے تمام اضلاع کے افسران کو سیکنڈ ہیلتھ ویک کو کامیاب بنانے پر شکریہ ادا کیا اورانھیں مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔کانفرنس میں تمام سی ای اوز کو ڈی جی ہیلتھ سروسز نے تمام مراکز صحت کی مانیٹرنگ اور معائنے کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے اپنے اپنے پراجیکٹس کے حوالے سے سی ای اوز کو آگاہ کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1