لاہور کے سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز ، ایک لاکھ سے زائد بچے ہدف

لاہور کے سکولوں میں داخلہ مہم کا آغاز ، ایک لاکھ سے زائد بچے ہدف

لاہور (سٹی رپورٹر)لاہور ایجوکیشن اتھارٹی نے شہر کے تمام سکولوں میں بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے گورنمنٹ مقبول عام سکول جی او آر ون میں محمد ایان اور ملائکہ کو نرسری کلاس میں داخل کرا کر خود رجسٹریشن کی۔ اس موقع پرسی ای او لاہور لاہور ایجوکیشن اتھارٹی بشیر گورائیہ ،ڈی ایم او عابد شوکت،ڈی او ایجوکیشن ملک احسان اور پی آر او عمران مقبول بھی ڈی سی لاہور سمیر احمد سید کے ہمراہ تھے۔ڈی سی لاہور خود ایان مختار کے گھر گئے اور بچے کو داخلہ کے لیے سکول لیکر آئے۔ بعدازاں ڈی سی لاہور نے کڈ سنٹر کا دورہ کیا۔انہوں نے وہاں پرنئے داخل ہونے والے بچوں سے بات چیت کی اور بچوں سے الفا بیٹ الفاظ اور جانوروں کے نام پوچھے۔ انہوں نے سکول کی لائبریری کا بھی دورہ کیا اور سکول انتظامیہ کو شاباش دی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ ہماری پوری کوشش اور فوکس ہے کہ لاہور کو ایجوکیشن کے میدان میں پنجاب میں نمایاں پوزیشن پر لیکر آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم کے دوران نرسری کلاسوں میں ایک لاکھ سے زائدبچوں کے داخلے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں اور انہیں تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔مزید برآں ڈی سی لاہور سمیر احمد سید نے بلوم فیلڈ ہال سکول کے سالانہ فنکشن میں شرکت کی۔انہوں نے وہاں پر بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلیوز کو سراہا۔

داخلہ

مزید : میٹروپولیٹن 1