جنگلی حیات کی حفاظت و نگہداشت وقت کی اہم ضرورت ہے،خالد عیاض خان

جنگلی حیات کی حفاظت و نگہداشت وقت کی اہم ضرورت ہے،خالد عیاض خان

لاہور( لیڈی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ جنگلی حیات کا عالمی دن منانے کا بنیادی مقصد لوگوں میں ان کی اہمیت و افادیت بارے آگہی پیدا کر نے کے ساتھ ساتھ ان کی بحالی اور بہتری کے لئے اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کر ہ ارض پر پائی جانیوالی جنگلی حیات کی حفاظت و نگہداشت وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمیں بھی جانوروں کے ساتھ بہتر برتاؤ کی پالیسی اپنانا ہو گی۔انہوں نے یہ بات دنیا بھر میں منائے جا رہے جنگلی حیات کے تحفظ کے عالمی دن کے حوالے سے لاہور چڑیا گھر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی، ڈپٹی ڈا ئر یکٹر وائلڈ لائف لاہور ریجن سید ظفر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف پبلسٹی اینڈ ریسرچ عامر مسعود، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو چوہدری شفقت علی کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی وائلڈ لائف نے کہا کہ جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے محکمہ اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لا رہا ہے تاہم اس سلسلہ میں ذرئع ابلاغ کے بھر پور تعاون اور عوامی شرکت کے بغیر مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلی حیات ہماری بھرپور توجہ کی متقاضی ہے اور ماحول کی خوبصورتی کی ضامن ہے اس لئے ہم سب کو اپنی انسانی و دینی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے لوگوں میں جنگلی حیات کی معدوم ہوتی نسلوں کی حفاظت اور ان کی مناسب دیکھ بھال اور غیر قانونی شکار سے باز رہنے کا شعور اجاگر کرنا ہو گا۔ کیف سے عوام آگہی کے لئے سٹالز لگائے گئے۔ بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے سووینئر کے طور پر مگ بھی تقسیم کیئے جن پر جنگلی حیات کے تحفظ بارے سلوگن لکھے ہوئے تھے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1