لکشمی چوک میں میٹرو ٹرین کا ٹریک آج مکمل کر لیا جائے گا : خواجہ احمد حسان
لاہور( سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ لکشمی چوک میں میٹر و ٹرین کا ٹریک آج تعمیر کر لیا جائے گا‘ڈیرہ گجراں سے میکلوڈ روڈ تک اورنج لائن کے 12کلو میٹر طویل ٹریک پر پٹری بچھانے اور اسے ٹرین کی آمدورفت کے قابل بنانے کا کام ماہ رواں میں مکمل کر لیا جائے گا۔ جی پی او چوک مال روڈٹریفک کے لئے 31مارچ کو کھول دیا جائے گا۔ پیکیج ون میں تاریخی عمارتوں کے قریب ٹریک تعمیر ہو چکا ہے ۔اسلام پارک ‘ سلامت پورہ اور محمود بوٹی سٹیشن تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہے ہیں۔ان سٹیشنوں کااوسطا 97فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ٖپی ایچ اے کو ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک ہارٹی کلچر کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے وہ گزشتہ روز منصوبے پر جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت ‘ڈپو میں تعمیراتی کاموں کے معائنے اور پہلے چار میٹرو سٹیشنوں کے دورے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘ سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس ‘ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔