تحریک جعفریہ کے شہید رہنما بنیادی افراد میں سے تھے،سبطین حیدر

تحریک جعفریہ کے شہید رہنما بنیادی افراد میں سے تھے،سبطین حیدر

لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر ) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صوبائی صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کی 23 ۔ برسی کے موقع پرخطاب میں کہا ہے کہ تحریک جعفریہ کے شہید رہنما بنیادی افراد میں سے تھے، جنہوں نے پاکستان میں نظام ولایت فقیہہ اور قیادت کا بھر پور ساتھ دیا۔وہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، امامیہ آرگنائزیشن اور تحریک جعفریہ کے بنیاد ی ارکان میں سے تھے، جنہوں نے ملی حقوق کے لئے اپنی خدمات پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمدعلی نقوی عالم دین نہیں تھے مگر ان کی خدمات اور تحرک کے باعث علما ان کے قدر دان تھے۔شہید دینی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ ان کے والد مولانا امیر حسین شاہ نقوی اپنے وقت کے معروف عالم دین تھے۔امام خمینی کی قیادت میں جب انقلاب اسلامی ایران رونماہوا تو پاکستان میں نظام ولایت فقیہہ کا ساتھ دینے والے اور ان کی حمایت کرنے والے ابتدائی افراد میں سے تھے۔ ان کا کہنا تھاکہ شہیدڈاکٹر محمدعلی نقوی نہ صرف شیعہ تنظیموں بلکہ دوسرے مسالک کے رہنماوں سے بھی رابطے میں رہتے تھے۔ اور ان کے پروگراموں میں بھی شریک ہوتے تھے۔ 23سال بعد بھی دینی اور تنظیمی حلقے ان کا احترام کرتے ہیں، دنیا میں ان کا نام زندہ ہے اور آئندہ بھی زندہ ہی رہے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4