لوہاری گیٹ ، چار نامعلوم افراد نے 45سالہ جیو لر کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا

لوہاری گیٹ ، چار نامعلوم افراد نے 45سالہ جیو لر کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا

لاہور(خبر نگار) لوہاری گیٹ کے علاقہ میں چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے 45سالہ شخص کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی گلی میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر 45سالہ اصغرجیولری کا کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز دوپہر کو وہ دکان سے گھر آیا اور گھر میں داخل ہونے لگا تھاکہ چار نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ جیولراصغر کو تشویشناک حالت میں طبی امداد کے لئے مقامی ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں چند گھنٹے زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جائزہ لیا اور اصغر کے بھائی کی اندراج مقدمہ کے لئے دی جانے والی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور لاش مردہ خانہ میں جمع کروا دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی دو روز قبل توحید نامی لڑکے سے معمولی تو تکار ہوئی تھی اور شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسے توحید وغیرہ نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے، تاہم اصل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔

مزید : علاقائی