عمران نیازی پاکستان میں جھوٹ کی سیاست کے بانی ، عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے : شہباز شریف

عمران نیازی پاکستان میں جھوٹ کی سیاست کے بانی ، عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے : ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے پی کے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں اور عمران خان نیازی پاکستان میں جھوٹ کی سیاست کے بانی ہیں، تاہم انہیں یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیئے کہ جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ الزام تراشی اوربہتان طرازی کرنے والے یہ عناصر ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں اور ان عناصرنے ہرقدم پر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی جبکہ جھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے۔ عوام کی ترقی کے مخالفین جان لیں کہ ان کی منفی سیاست کا ہر حربہ ناکام رہے گا کیونکہ عوام کو خالی نعروں، کھوکھلے دعووں اور منفی سیاست سے کوئی سروکار نہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دور کے ترقیاتی منصوبے معیار اور شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کرکے پاکستان میں پہلی بار نئی تاریخ رقم کی ہے۔پنجاب کے طول و عرض میں آج ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ہر منصوبے اور پروگرام میں جنوبی پنجاب کے عوام کو فوقیت دی گئی ہے۔انہوں نے پاکستان کے عوام جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست سے نفرت کرتے ہیں اور22 کروڑ عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں جبکہ ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنے والوں نے عوام سے کھلی دشمنی کی ہے۔ عوام 2018کے عام انتخابات میں جھوٹ کے علمبرداروں کو مسترد کردیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے اور آج کا پاکستان ماضی کے مقابلے میں پرامن، ترقی یافتہ، روشن اور مستحکم ہے۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہوسکتی۔ملک کی ترقی کے لئے آخری سانس بھی وقف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کا ہر منصوبہ شفافیت،اعلی معیار اورتیزرفتاری کا شاہکار ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ کی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھتے رہیں گے۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے طبیعت ناساز ہونے کے باوجود پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کیلئے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ سینیٹ انتخابات میں ہمارے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوں گے۔انہو ں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے بروقت انعقاد سے جمہوری اداروں کو تقویت ملی ہے جبکہ طوطا فال نکالنے والوں کو مایوسی ہوئی ہے ۔ قبل ازیں جب وزیراعلیٰ اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پنجاب اسمبلی پہنچے تو ارکان اسمبلی نے ’’شہبازشریف زندہ باد، شیر آیا شیر آیا‘‘ کے نعرے لگائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول