تعلیم اور دیانتدار لیڈرشپ کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور (پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم اور دیانتدار لیڈر شپ کے ذریعے ملک کو اندھیروں اورگھمبیر مسائل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز دی ارقم سکول سسٹم اور اقراء کیمپس حبیب پارک منصورہ کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان و گروپ لیڈر این اے 128 پی پی 160 امیر العظیم ،ایگزیٹو ڈائریکٹر دی ارقم سکول سسٹم زبیر احمد صدیقی، امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی لاہور محمد شفیق ملک ، صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیزعابد ،چیئر مین یوسی 105 اعوان ٹاؤن عرفان احمد ، ڈائریکٹر زاقراء کیمپس ملک احسن ، ملک محسن ، ڈائریکٹر دی اقم سکول سسٹم حبیب پارک عبدالخالق محمود اور جنرل کونسلر یوسی 112 مسسز عبدالعزیز عابد و دیگر موجود تھے ۔ذکر اللہ مجاہد نے مز ید کہا کہ ملک موجودہ دور میں جن بحرانوں سے گذار رہا ہے اس کی بنیادی وجہ نااہل قیادت ہے ۔اس قوم کو جب تک تعلیم یافتہ، باصلاحیت اور دیانتدار قیادت میسر نہیں آتی اس وقت تک ملک کو ترقی کی راہ پر نہیں ڈالا جا سکتا ۔
ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ معیاری تعلیم و تربیت سے مزین لیڈر شپ تیارکرنے میں تعلیمی ادارے اپنا کردار ادا کریں ۔اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان و گروپ لیڈر این اے 128 وپی پی 160 امیر العظیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منفرد اور جدید انداز میں تعلیم کا فروغ نئی نسل کو کار آمد شہری بنانے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے ۔ہماری بدقسمتی ہے کہ نا اہل قیادت کی وجہ سے ادارے تباہ ہو چکے ہیں اور موجودہ نظام تعلیم میں انتی سکت نہیں ہے کہ وہ مارکیٹ ضرورت کے مطابق ٹیکنیکل افراد پید ا کر سکے ۔لہٰذا اس نظام تعلیم میں اصلاح کی اشد ضرورت ہے تاکہ منفرد اور جدید معیارتعلیم کے ذریعے نئی نسل کو کار آمد شہری اور محب وطن بنایا جا سکے۔